مضمون واری تعیناتی کا مطالبہ ، آئیٹا کے ضلع صدر و جنرل سکریٹری کی ڈی ای او سے نمائندگی
سنگاریڈی ۔ 5 اگسٹ ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرز ایسوسی ایشن (AIITA) ضلع سنگاریڈی کے صدر ایم ڈی معیز الدین اور جنرل سیکرٹری خواجہ نظام الدین نے ضلع تعلیمی آفیسر (DEO) سے مطالبہ کیا ہے کہ ورک ایڈجسٹمنٹ پالیسی کے تحت ضلع کے اردو میڈیم ہائی اسکولوں میں مضمون وار اساتذہ کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے متعدد اردو میڈیم ہائی اسکول اس وقت ریاضی، سائنس، انگریزی، سماجی علوم اور دیگر مضامین کے اساتذہ کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے باعث طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی سال تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اگر بروقت اساتذہ کی تعیناتی نہ کی گئی تو طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور سالانہ نتائج متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ایم ڈی معیز الدین نے ضلع تعلیمی آفیسر سے اپیل کی کہ تمام منڈل ایجوکیشن آفیسرز (MEOs) سے اُردو میڈیم ہائی اسکولوں میں مضمون وار اساتذہ کی ضرورت کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ورک ایڈجسٹمنٹ پالیسی کے تحت فوری بنیادوں پر اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے، تاکہ طلبہ کے تعلیمی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ محکمۂ تعلیم اس اہم مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کرے گا، تاکہ اردو میڈیم طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔