نئی دہلی؍احمد آباد، 23 جولائی (یو این آئی) کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے تحت کام کرنے والی ایجنسی ایئر انٹیلی جنس یونٹ (اے آئی یو) کی احمد آباد یونٹ نے گجرات کے سورت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مغربی ایشیا سے آنے والے شوہر اور بیوی سے 25.57 کروڑ روپے مالیت کا 24.827 کلو سونا ضبط کیا ہے اور دونوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔منگل کو وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق، یہ گجرات میں احمد آباد کسٹم کمشنریٹ کی طرف سے سونے کی سب سے بڑی ضبطی میں سے ایک ہے ۔ریلیز کے مطابق، 20 جولائی کو، سورت یونٹ کے کسٹم افسران کی جانب سے مسافروں کی پروفائلنگ اور نگرانی کی بنیاد پر،اے آئی یو ٹیم نے ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز IX-174 کے ذریعے دبئی سے سورت آنے والے دو مسافروں کو وزیٹر ہال میں روکا۔ مسافروں کی مشکوک سرگرمیوں اور سورت کسٹمز کے ایئرپورٹ ویجیلنس یونٹ کے ذریعہ جمع کی گئی تکنیکی شناخت کی بنیاد پر نگرانی کی جارہی تھی۔نگرانی کے دوران، ہوائی اڈے پر تعینات انڈسٹریل سیکورٹی فورس کے اہلکاروں سے ایک مسافر کے بارے میں موصول ہونے والی معلومات نے متعلقہ افراد پر شک پیدا کیا۔ اس بنیاد پر دونوں مسافروں کی تفصیلی ذاتی تلاشی لی گئی۔ دونوں مسافروں (شوہر اور بیوی) کی چیکنگ اور ذاتی تلاشی پر پیسٹ کی شکل میں کل 28.100 کلو سونا برآمد ہوا۔ پیسٹ کی شکل میں سونے کو بڑی چالاکی سے جینز کی پینٹ، اندرونی لباس، ہینڈ بیگ اور جوتوں میں چھپایا گیا تھا۔ریلیز میں کہا گیا کہ اس آپریشن میں 24.827 کلو سونا برآمد کیا گیا جس کی مقامی مارکیٹ میں قیمت تقریباً 25.57 کروڑ روپے ہے ۔ دونوں افراد کو کسٹم ایکٹ 1962 کی متعلقہ دفعات کے تحت گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا ہے ۔افسران کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں جس انداز میں سونے کی اسمگلنگ کی کوشش کی گئی اس سے اسمگلنگ میں جسم پر سونا چھپانے کی جدید تکنیک اپنانے کی نشاندہی ہوتی ہے ۔اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے ۔