سوریاپیٹ۔9 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع پولس دفتر میں سیل فون ریکوری میلہ کا انعقاد کیا گیا اور ضلع میں لوگوں کے سرقہ اور گم شدہ تقریباً 20 لاکھ روپئے مالیت کے 102 فونس کی شناخت کی گئی اور انہیں ضلع ایس پی نرسمہا آئی پی ایس کے ہاتھوں 13ویں مرتبہ متعلقہ موبائل فون کے مالکان (متاثرین) کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر ایس پی نرسمہا نے کہا کہ اگر آپ لاپرواہی برتیں گے تو نقصان لامحالہ ہوگا، آپ کو چوکنا اور محفوظ رہنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ اگر آپ لالچ میں آتے ہیں اور بھولے بھالے ہیں تو سائبر فراڈ کرنے والوں کے ذریعہ مالی نقصان کا سامنا کر سکتے ہیں۔کوئی بھی جس کا موبائل گم ہو یا چوری ہو اسے فوری طور پر CEIR پورٹل (https://www.ceir.gov.in ) پر رجسٹر کرنا چاہیے، موبائل کو بلاک کر دینا چاہیے اور متعلقہ تھانے کو مطلع کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس نے تندہی سے کام کیا اور آج بڑی تعداد میں فون برآمد کرکے متاثرین کو فراہم کئے۔ضلع کے ایس پی نے آئی ٹی کور کے عملے اور پولیس اسٹیشن کے عملے کو مبارکباد دی جو کہ CEIR ایپلی کیشن کے ذریعے ضلع میں مختلف شکلوں میں صارفین کے گمشدہ موبائل فونز کو واپس لینے اور متاثرین کے حوالے کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔پروگرام میں ایڈیشنل ایس پی رویندر ریڈی، آئی ٹی کور آر ایس آئی راج شیکھر، آئی ٹی کور کا عملہ، پولیس سائبر وارئرز اور گمشدہ موبائلز کے متاثرین موجود تھے۔