سونےکا طریقہ

   

پیاریبچو! تم ہر وقت دیکھتے ہو کہ جب سورج طلوع ہوتا ہے تو دن آجاتا ہے اور جب سورج غروب ہوتا ہے، تو رات ہوجاتی ہے، کیا تم نے کبھی یہ سوچا بھی ہے کہ ہر دن کے بعد رات کیوں آرہی ہے؟
بات یہ ہے کہ ہمارے حقیقی مالک یعنی اللہ نے یہ سب کچھ ہمارے آرام و سکون کیلئے بنایا ہے، دن اگر محنت اور کوشش کیلئے ہے تو رات ، دن کی تھکن کو دور کرنے اور راحت حاصل کرنے کیلئے ہے۔ جب رات ہوجاتی ہے تو ہمیں نیند آنے لگتی ہے اور ہم سونے کی تیاری کرتے ہیں۔ آیئے! ہم اس طرح سوجائیں جس طرح ہمارے پیغمبر حضرت محمد مصطفیﷺ سوتے تھے۔ سونے سے پہلے ہمیں یہ جان لینا چاہئے کہ ہمیں کس طرح سونا چاہئے؟ ہمارے پیارے نبیؐ نے اپنے ایک صحابیؓ سے فرمایا کہ جب تم بستر پر سونے کیلئے جانے لگو تو ویسا ہی وضو کرلو جیسا کہ نماز کیلئے وضو کیا جاتا ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ سونے سے پہلے وضو کرلینا چاہئے لیکن اگر بغیر وضو بھی سوجائیں تو کوئی گناہ کی بات نہیں ہے، اس لئے کہ سونے کیلئے وضو کرنا فرض یا واجب نہیں ہے۔ جب تم بستر پر لیٹنے لگو تو بستر کو اچھی طرح جھٹک کر صاف کرلو اور ہوسکتا ہے کہ کوئی زہریلا کیڑا اس میں چھپا ہوا ہو۔ سونے سے پہلے بستر کو جھٹک لینا ہی عقل مندی ہے اور جب سونے لگو تو یہ دعا ضرور پڑھ لو: اللھم باسمک اموت واحیی اور اللہ کو یاد کرتے ہوئے سوجاؤ، فضول، بیہودہ باتیں کرتے ہوئے ہرگز نہ سونا۔
بچو! جب رات ہوجائے تو خواہ مخواہ دیر سے مت سو بلکہ جلد سونے کی فکر کرو اگر دیر سے سوؤگے تو صبح جلد اُٹھ نہیں پاؤگے، رات میں دیر تک جاگتے رہنا اور وقت پر نہ سونا آدمی کو بیمار بنا دیتا ہے۔ تم اگر تندرست رہنا چاہتے ہو تو رات میں جلد سوجاؤ اور صبح سویرے اُٹھ جاؤ اور فجر کی نماز ادا کرو، صبح سویرے اُٹھنے سے ایک طرف تندرست رہتے ہو تو دوسری طرف اللہ بھی تم سے راضی ہوجاتا ہے۔ فجر کی نماز کا وقت قیمتی ہوتا ہے۔ یہ وہ وقت ہے کہ اللہ اپنے بندوں سے کہتے ہیں کہ مانگو۔ جانتے ہو فجر کا وقت رزق کی تقسیم کا وقت ہے، ہمارے نبیؐ نے فرمایا ہے کہ صبح کے وقت کا سونا رزق کو روکتا ہے، اس لئے صبح سویرے اُٹھو اور اللہ سے دل کا سکون مانگو، صحت ، کامیابی اور عمر مانگو، اچھے لوگ صبح سویرے اُٹھ جاتے ہیں اور اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور برے لوگ صبح کے وقت سوتے رہتے ہیں۔ جب تم نیند سے بیدار ہوجاؤ تو اللہ کو یاد کرو اور یہ دعا پڑھو:
الحمدللہ الذی احیانا بعدما اماتنا والیہ النشور
دُعا پڑھنے کے بعد اللہ کا شکراور احسان ادا کروکہ اُس رب ِکریم نے تمہیں محنت و کوشش کرنے اور دنیا و آخرت میں کامیابی کیلئے مزید ایک دن عطا کیا ہے !