سونے کے ذریعہ آیورویدک کے علاج کے نام خاتون کو لوٹ لینے کا واقعہ

   

حیدرآباد /15 فروری ( سیاست نیوز ) سونے کے ذریعہ آیورویدک کا علاج کرنے کے بہانے خاتون کو لوٹ لیا گیا ۔ ایک خودساختہ آیورویدک ڈاکٹر نے برسوں سے بیمار خاتون کی کمزوری کا فائدہ اٹھاکر اس کی لاکھوں روپئے رقم لوٹ لی اور فرار ہوگیا ۔ خاتونے نے مدھورا نگر پولیس میں اس کی شکایت درج کروائی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکٹر آنند فرار ہوگیا ۔ موتی نگر علاقہ کی ساکن چھایہ دیوی تقریباً 20 سال سے بیماری کا شکار ہے ۔ پڑوسی کے مشورے پر اس نے وینگل راؤ نگر علاقہ میں واقع ایک آیوریدک سنٹر سے رجوع کیا۔ دھنوانتری آیورویدک سنٹر میں خاتون کی ملاقات ڈاکٹر آنند سے ہوئی ۔ اس نے خاتون کی تشخیص کے بعد اس سے کہا کہ سونے میں دوا تیار کرنی ہوگی جس سے بیماری مکمل طور پر ختم ہوجائے گی ۔ اس ڈاکٹر کی بات پر یقین کرتے ہوئے خاتون نے تین تولہ طلائی زیورات دئے اور ایک لاکھ 70 ہزار روپئے نقد رقم بھی حوالے کردی ۔ جس کے بعد آنند نے خاتون کو بیماری ختم نہ ہونے پر دوگنی رقم حوالے کرنے کا یقین دلاتے ہوئے مزید ساڑے تین لاکھ روپئے حاصل کرلیا ۔ مہینوں گذرنے کے باوجود بھی بیماری ختم نہ ہونے پر خاتون آیورویدک سنٹر پہونچی لیکن اس وقت تک آنند سنٹر بند کرتے ہوئے فرار اختیار کرلی تھی ۔ پولیس ذرائع کو تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ آنند نے کوکا پیٹ علاقہ میں ایک شخص سے علاج کے بہانے تین لاکھ 80 ہزار روپئے لوٹ لیا تھا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع