نئی دہلی: سوچھ بھارت ابھیان (کلین انڈیا مہم) وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں چلائی گئی دنیا کی سب سے بڑی تبدیلی لانے والی مہم ہے ۔ سوچھ بھارت مشن (ایس بی ایم- جی) ہندوستان کو صاف ستھرا اور صحت مند بنانے کے ہدف کو حاصل کرنے اور پائیدار و پیہم ترقی کو رفتار دینے کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ایک عوامی تحریک کے طور پر ابھرا ہے ۔ یہ مہم صرف صفائی کے لیے فوری اقدامات تک محدود نہیں ہے ، بلکہ یہ شہری اور دیہی، دونوں علاقوں میں کچرے کے بندوبست سے متعلق تمام مسائل کا حل تلاش کرکے ملک کے لیے ایک طویل مدتی ویژن کی بنیاد رکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جل شکتی کے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے آج یہاں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی دور اندیشانہ سوچ کی عکاسی کرنے والی اس مہم کے مقاصد کو رفتار دینے اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ، ہماری پوری ٹیم باقاعدگی سے ریاستوں، اضلاع اور گاؤں کو بااختیار بنانے کے لئے ضروری محکمہ جاتی اسفار، کررہی ہے ۔ ہم اعلیٰ سطحی جائزوں کے ذریعہ اس مشن کو کامیاب بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ ہندوستان کو صاف ستھرا بنانے کے لیے سخت محنت اور عزم کا نتیجہ ہے کہ ایس بی ایم۔ جی 2.0 کے تحت ملک کے 4.4 لاکھ سے زیادہ گاؤں نے خود کو او ڈی ایف پلس قرار دیا ہے ۔ اس کے علاوہ 11.25 کروڑ سے زیادہ گھریلو بیت الخلاء اور 2.36 لاکھ کمیونٹی سوچھتا کمپلیکس بنائے گئے ہیں۔سوچھ بھارت مشن جیسے عظیم پہل کا ایک اہم حصہ سوچھتا ہی سیوا (ایس ایچ ایس) مہم ہے ۔ یہ مشن کے تئیں عوام کی شراکت داری کو یقینی بنانے اور اسے ایک عوامی تحریک بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔
ہم سب نے پچھلے سالوں میں سوچھتا ہی سیوا مہم کی کامیابی اور نتائج دیکھے ہیں۔ اس بار حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ اس سال اب تک تقریباً 9 کروڑ لوگوں نے پندرہ دن میں شرم دان پروگراموں میں حصہ لیا ہے ۔ اس سال سوچھتا ہی سیوا مہم کے تحت، صرف 12 دنوں میں، 20 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے مختلف شرم دان سرگرمیوں میں اپنی مثبت شراکت داری کو یقینی بنایا ہے ۔ اس بڑی عوامی شراکت داری کی وجہ سے ہی ہم نے اس سال ایک قابل ذکر ریکارڈ بنایا ہے ۔