سپریم کورٹ میں دہلی مظاہروں اور ایس آئی آر سے متعلق عرضیوں پر سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی

   

نئی دہلی۔ 13 اکتوبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف دہلی میں ہوئے مظاہروں اور الیکشن کمیشن کی ووٹر فہرست کی خصوصی تفصیلی نظرثانی (ایس آئی آر) سے متعلق عرضیوں پر سماعت منگل کے روز 15 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا کی بنچ کے سامنے یہ معاملات فہرست بند تھے لیکن بنچ کے ایک رکن جسٹس وی موہنا کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے سماعت کو ملتوی کرنا پڑا۔ اس پر تمام فریقین نے رضامندی کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے مظاہروں کی کوریج کے دوران خاتون صحافیوں کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی کے الزامات پر جواب دینے کیلئے دہلی پولیس کے ایک سینئر اہلکار کی موجودگی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے ۔ سپریم کورٹ نے ’اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمزکی ایک نئی عرضی پر نوٹس بھی جاری کیا ہے ۔ اس عرضی میں ’چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز ایکٹ 2023‘ کی دفعہ 16 کو چیلنج کیا گیا ہے جو الیکشن کمشنروں کو ان کے سرکاری کام کیلئے قانونی استثنیٰ فراہم کرتی ہے ۔ اس سے قبل اپنی11 اکتوبر کی ہدایات میں عدالت نے حکم دیا تھا کہ امتناعی احکامات والے علاقوں کے باہر پرامن اور نہتے لوگوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں نہ لیا جائے ۔ اس میں حکام کو عام پبلک ٹرانسپورٹ اور انٹرنیٹ سروسز کو بحال رکھنے ، ٹریفک قوانین کے تابع آزادانہ نقل و حمل، وکلاء و صحافیوں کو رسائی دینے اور بیریگیڈز کا جائزہ لینے کی ہدایات بھی شامل تھیں۔