سپریم کورٹ کو گمراہ کرنے پر ہائیکورٹ ملزمین پر برہم

   

ممبئی 9؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹر کے گنجان مسلم آبادی والے شہرمالیگاؤں میں 29 ؍ ستمبر 2008ء کو رونما ہونے والے بم دھماکہ معاملے کا سامنا کررہے بھگوا ملزمین بالخصوص کرنل پروہیت اور سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر کو آج اس وقت پریشانی ہوئی جب ممبئی ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ نے عرضداشتوں پر فوری سماعت کرنے سے ایک جانب جہاں انکار کیا وہیں سپریم کورٹ کو گمراہ کرنے پر ان کی سرزنش بھی کی ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق آج ممبئی ہائی کورٹ کی دورکنی بینچ کے جسٹس اے ایس اوکا اور جسٹس سندیپ کرشنا شندے نے ملزمین کی جانب سے یو اے پی اے قانون کے اطلاق کو چیلنج کرنے والی عرضداشت پر سماعت کرنے سے انکار کردیا اور ملزمین کی جانب سے سپریم کورٹ کا حکمنامہ عدالت میں پیش کرنے پر معزز عدالت ملزمین پر خفاء ہوگئی اور کہا کہ آپ لوگوں نے سپریم کورٹ کو گمراہ کرکے اس معاملے کی جلد از جلد سماعت مکمل کرنے کا آرڈر لایا ہے ۔