سچن کا کشمیر میں بیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ کا دورہ

   

سرینگر: کرکٹر سچن تندولکر اپنے گھروالوں کے ساتھ ہفتہ کو سنگم علاقہ میں کرکٹ بیٹ بنانے والی یونٹ پہنچے تو ان کے مالک اور کاریگر انہیں دیکھ کر خوشی سے حیران رہ گئے۔ تندولکر اپنی بیوی اور بیٹی سارہ کے ساتھ سری نگر جموں ہائی وے پر چارسو میں ایک یونٹ پہنچے اور وہاں کام کرنے والے کارکنوں سے بات چیت کی۔ایم جے اسپورٹس کے مالک محمد شاہین پارے نے بتایا کہ ہم بلے بنانے میں مصروف تھے کہ تبھی ایک گاڑی گیٹ کے سامنے آکر رکی۔ ہم نے دیکھا کہ لٹل ماسٹر اور ان کیگھروالے اس سے نکلے۔ ہم بہت خوش ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ تندولکر نے کشمیر کی لکڑی (ولو) سے بنے بلوں کا معیار دیکھا۔انہوں نے چند بلوّں کو مارا اور ان کے معیار سے کافی خوش ہوئے۔ تندولکر نے کہا کہ وہ کشمیر ولو بلے کا انگریزی ولو سے بنے بلوّں سے موازنہ کرنے آئے ہیں۔ بیٹنگ کے ماہر نے کشمیر ولو بلے کو سپورٹ کرنے کا وعدہ کیا۔ تندولکر نے مینوفیکچرنگ یونٹ میں ایک گھنٹہ گزارا اور مداحوں کے ایک چھوٹے سے گروپ سے بات چیت کی۔