سچی لگن اور جستجو سے زندگی کے مقصد کو حاصل کرنے کا مشورہ

   

شہزادی بیگم رکن قومی کمیشن کا اقامتی اسکول و کالج کا دورہ، طالبات سے بات چیت

سنگاریڈی۔ 21 جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سید شہزادی بیگم رکن قومی کمیشن نے سنگاریڈی ضلع ایڈیشنل کلکٹر ویراریڈی اور سنگاریڈی ضلع اقلیتی بہبود آفیسر ارون کمار کے ہمراہ اقلیتی اقامتی گرلز اسکول و اقلیتی اقامتی گرلز جونیر کالج روبرو رعیتو بازار سنگاریڈی کا اچانک دورہ کرتے ہوے اقلیتی اقامتی گرلز اسکول و اقلیتی اقامتی گرلز جونیر کالج کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اقلیتی اقامتی گرلز اسکول و گرلز جونیر کالج کی پرنسپل ہمالتا نے کالج اسٹاف کے ہمراہ سید شہزادی رکن قومی کمیشن کو گلدستہ پیش کرتے ہوے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سید شہزادی رکن قومی کمیشن نے طالبات سے ملاقات کے دوران اپنی ذاتی زندگی میں واقعات کی مثال دیتے ہوے کہاکہ کس طرح انہوں نے ہر نشیب وفراز کو طئے کرتے ہوئے اپنی زندگی میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے طالبات کو اپنے زرین مشوروں کے ذریعہ زندگی میں ترقی کے حصول طریقوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے طالبات سے کہاکہ کس طرح خود اعتمادی سچی لگن اورجستجو سے اپنی زندگی کے مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ آخر میں انہوں نے تلنگانہ مینا ریٹیز ریسیڈنشیل انسٹیٹوشن ایجوکیشن سوسائٹی کی کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس و کالجس بہترین اورمعیاری تعلیم کے مراکز بن چکے ہیں۔ TMRIES کی معیاری تعلیم کے ذریعہ سینکڑوں طلبا ? و طالبات اپنے مستقبل کو سنوار رہے ہیں۔ قبل ازیں سنگاریڈی ضلع ایڈیشنل کلکٹر ویراریڈی نے سماجی واقعات اور کردار پر خطاب کیا۔ اس موقع پر اقلیتی اقامتی گرلز اسکول و کالج کا اسٹاف اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔