سکندرآباد میں سود خوروں پر شکنجہ، ٹاسک فورس پولیس کا دھاوا ، چار ملزمین گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /19 مارچ (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے غیرقانونی طور پر سود کا کاروبار چلانے والے چار افراد کو علاقہ سکندرآباد میں گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر پی رادھا کشن راؤ نے کہا کہ ان کی نارتھ زون ٹیم نے علاقہ مدھورا نگر وارثی گوڑہ اور سکندرآباد میں بعض مقامات پر دھاوے کئے اور غیرقانونی طور پر سود کا کاروبار چلانے والے چار سود خوروں کو گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ غیرمجاز طور پر فینانس کا کاروبار چلانے والے ریاکٹ کا سرغنہ پی یلانگو ہے جو سری وینکٹیشورا فینانس ، سائی کرشنا فینانس ، اوم گنیش فینانس ، سائی اکیل فینانس کے نام پر فینانس کا کاروبار چلارہا تھا اور اس کاروبار میں اپنے معاون سود خوروں جئے کمار ، پیریا سوامی ، کے راجکمار اور دھرماراج سیوابالن کی مدد سے یہ کاروبار چلارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ غیرمجاز طور پر فینانس کا کاروبار چلانے کیلئے اکیل نے 14 ملازمین پر مشتمل ایک دفتر بھی قائم کیا تھا اور وہ بڑے پیمانے پر شہر میں فینانس کا کاروبار چلارہا تھا ۔ ٹاسک فورس نے چار سودخوروں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی لیکن یلانگو پولیس کی گرفت سے باہر ہے ۔ ڈی سی پی ٹاسک فورس نے کہا کہ یلانگو کو سابق میں چلکل گوڑہ پولیس نے بھی غیرمجاز طور پر فینانس کا کاروبار چلانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔ ٹاسک فورس نے ان کے قبضے سے 6 لاکھ 83 ہزار نقد رقم اور فینانس میں استعمال کی جانے والی کتابیں اور دیگر اشیاء ضبط کرلیا ۔