سیاسی فائدہ کیلئے نفرت پھیلانے کی کوشش افسوسناک

   

بنڈی سنجے کے حالیہ بیان کی مذمت ، فوری مسائل کے حل پر توجہ دینے محمد تاج کی اپیل
کریم نگر ۔ 4 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کانگریس کمیٹی اقلیتی سیل کے صدر محمد تاج نے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ بنڈی سنجے کمار کے حالیہ بیانات کی سخت مذمت کی ۔ محمد تاج الدین نے کہا کہ حال ہی میں حیدرآباد میں بونالو تہوار کے موقع پربنڈی سنجے کمار نے رمضان اور بونالو کے لیے حکومت کی جانب سے دی گئی مالی امداد کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس کو ’’مسلم کانگریس پارٹی‘‘ قرار دیا، جو نہ صرف غیر ذمہ دارانہ بلکہ سماج میں نفرت پھیلانے کی کوشش ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کے صرف دو بڑے مذہبی تہوار عیدالفطر اورعیدالاضحی ہیں، جبکہ ہندو برادری سال بھر متعدد تہوار مناتی ہے۔ کبھی کسی نے یہ سوال نہیں اُٹھایا کہ مختلف تہواروں پر حکومت کتنی مالی امداد فراہم کرتی ہے، کیونکہ یہ عقیدے اور مذہبی روایات سے جڑے معاملات ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کچھ سیاسی رہنما ہر مسئلہ کو ہندو، مسلم، مندر، مسجد، پاکستان، بنگلہ دیش، روہنگیا اور ذات پات کے نام پر سیاست کا ذریعہ بنا کر معاشرے میں نفرت پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ عوام کو ترقی، روزگار، تعلیم اور بنیادی مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔ ہندو اور مسلمان برسوں سے بھائی چارے کے ساتھ رہتے آئے ہیں، انہیں سیاسی فائدے کے لیے آپس میں لڑانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو وقتی طور پر گمراہ کیا جا سکتا ہے، لیکن ہمیشہ کے لیے نہیں۔ضلع کانگریس اقلیتی سیل صدر نے مرکزی وزیر سے اپیل کی کہ وہ نفرت انگیز سیاست سے گریز کریں اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔