سیاسی قائدین پارٹی کے نشان کی تشہیر میں مصروف

   

ریاست و بیرون ریاست پارٹی قائدین کی طلبی ، رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے کوشاں

حیدرآباد۔ بلدی انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے ابھی سے اپنی پارٹی کے نشان کی تشہیر کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاست میں موجود تمام سیاسی جماعتیں جن کے انتخابی نشان مستقل ہیں وہ اپنے امیدواروں کو قطعیت دیئے جانے کا انتظار کئے بغیر عوام سے رجوع ہونے لگے ہیں اور اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں عوام تک رسائی حاصل کی جائے اور شہر حیدرآباد کی بلدیہ انتخابات میں زیادہ سے زیادہ کامیابی کو یقینی بنایا جائے۔ برسراقتدار تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے دوران شہر حیدرآباد میں ریاست کے تمام اضلاع سے کیڈر کو طلب کرتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ لینے اورعوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے ووٹ کی اہمیت کا انہیں احساس دلایا جائے اور حکومت کی جانب سے انجام دیئے جانے والے فلاحی سرگرمیوں سے عوام کو راست واقف کروایا جائے۔ اسی طرح بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے بھی تلنگانہ کے اضلاع کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کارکنوں کو شہر حیدرآباد طلب کرتے ہوئے انہیں پارٹی کے حق میں انتخابی مہم چلانے کی تاکید کی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات بھی نریندر مودی کے نام پر لڑنے کی منصوبہ بندی میں ہے اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں سے عوام کو واقف کرواتے ہوئے گھر گھر مہم چلائی جانے لگی ہے۔مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے بھی مہاراشٹر کے علاوہ بہار اور اترپردیش کے کیڈر کو انتخابی مہم کیلئے مدعو کیا جا رہاہے تاکہ وہ شہر حیدرآباد میں پارٹی کے حق میں انتخابی مہم چلائیں۔ کانگریس کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے سلسلہ میں تیار کی گئی کمیٹیوں کے علاوہ کانگریس کی جانب سے بھی بیرونی مندوبین کو جی ایچ ایم سی انتخابات میں پارٹی کی انتخابی تشہیر کیلئے مدعو کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی کامیابی کے ساتھ ساتھ شہر حیدرآباد میں رائے دہی کے فیصد میں ہونے والی کمی کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اسی لئے تمام سیاسی جماعتو ںکی اولین ترجیح مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں کسی بھی طرح رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کرنا ہے۔