سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں ہندوستانی مسلمانوں کے مستقبل کی رہنمائی

   

تعمیر ملت کا جلسہ رحمت للعالمین ؐ ۔شہرہ آفاق اکابرین کی شرکت۔ جلیل احمد اور ڈاکٹر فخرالدین محمد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 7؍نومبر۔ ( پریس نوٹ ) ۔ کل ہند مجلس تعمیر ملت ایک بار پھر ہندوستانی مسلمانوں کی رہنمائی کے لئے اپنے تمام تر توانائیوں کو استعمال کرے گی۔ 10نومبرکو جلسہ یوم رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اس کی نئی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ ۔ آج جلسہ یوم رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم ایک ایسے وقت ہورہا ہے جب ہندوستان کے مسلمان ایک بارپھر آزمائشی دور سے گذر رہے ہیں۔ تعمیر ملت نے گذشتہ 70برس کے دوران ہندوستانی مسلمانوں کی سیاسی، مذہبی، اخلاقی، ثقافتی ہر شعبہ حیات میں رہنمائی کی اسے عزت اور وقار کے ساتھ سر اٹھاکر جینے کا حوصلہ عطا کیا۔ اب موجودہ حالات میں جبکہ وہ کشمکش کا شکار ہے‘ وہ خوف کے ماحول میں ہے‘ ا سے اپنا مستقبل غیر یقینی نظر آرہاہے تو تعمیر ملت اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے اس کی ذہنی اخلاقی، فطری تربیت کرتے ہوئے سیاسی شعبے میں بھی اس کی رہنمائی کرے گی اور اپنی مذہبی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے کس طرح سے باوقار انداز میں اس ملک میں جس کی آزادی میں اس نے اوراس کے بزرگوں نے اپنا خون دیا ہے کس طرح سے رہا جاسکتا ہے اس کی رہنمائی کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار جناب جلیل احمد سینئر ایڈوکیٹ صدر مجلس تعمیر ملت اور ڈاکٹر فخرالدین محمد صدر نشین مجلس استقبالیہ جلسہ یوم رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم نے آج ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر جناب ضیاء الدین نیر، عمر ا حمد شفیق اور وہاج صدیقی موجود تھے۔ جلسہ رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم جو 10 نومبر کو نمائش میدان میں منعقد ہورہا ہے کے مہمان مقررین میں داعی اسلام مولانا محمد کلیم صدیقی صدر شاہ ولی اللہ ٹرسٹ مظفرنگر (یوپی)، نواسہ شیخ الاسلام نبیرہ حمیدی مولانا سید اشہد رشیدی مہتمم جامعہ قاسمیہ مدرسہ شاہی مرادآباد و صدر جمعیۃ العلماء ہند (یوپی)، اور مولانا مفتی ثناء ہدیٰ قاسمی نائب معتمد امارات شرعی بہار اڑیسہ‘ جھارکھنڈ شامل ہیں‘ ان کے علاوہ علمائے کرام و دانشوران عظام شرف تخاطب حاصل کریںگے۔ جبکہ 11نومبر کے یوم صحابہ رضی اللہ عنہم کے مہمان مقررین میں جناب ڈاکٹر مشتاق احمد سی ای او شفاء ہاسپٹل بنگلور، مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی شیخ الجامعۃ جامعہ نظامیہ بانی ڈائرکٹر ابوالحسنات اسلامک ریسرچ سنٹر، جناب سید قیصر محمود ایڈوکیٹ نیشنل یونٹی اوبلین (دہلی) کے نام شامل ہیں۔ جناب جلیل احمد ایڈوکیٹ اور ڈاکٹر فخرالدین محمد نے عامۃ المسلمین سے دونوں جلسوں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی ہے ۔