سیسوڈیا نے مرکز پر زوردیا کہ کویڈ19ٹیکوں کی برآمد سے قبل ہندوستانیوں کو ٹیکہ دئے جائیں

,

   

سیسوڈیا نے کہاکہ پچھلے تین ماہ میں مرکز نے 93ممالک کو 6.5کروڑ ٹیکوں کی برآمد کی ہے
نئی دہلی۔مرکزی حکومت پر کرونا وائرس کے ٹیکہ کی برآمد سے قبل ہندوستانی شہریوں کو پہلے ٹیکہ دینے پر زوردیتے ہوئے دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا نے اتوار کے روز کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب ہندوستان میں کویڈ19کے معاملات میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے‘پچھلے تین ماہ میں مرکز نے 93ممالک کو 6.5کروڑ ٹیکوں کی برآمد کی ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیسوڈیا نے کہاکہ ان ٹیکوں کے خوارک میں جو برآمد کئے گئے ہیں‘ ان ٹیکوں کا استعمال کیاجاسکتا تھا اور کویڈ19وباء سے متاثر ہونے والے لوگوں کی جان بچانے کاکام کیاجاسکتا تھا۔

مذکورہ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ ”حکومت ہند نے پچھلے تین ماہ میں 93ممالک کو کویڈ ٹیکوں کی برآمد کی ہے۔ اس میں 6.5 کروڑ خوراک انہیں دی گئی ہے۔

ہندوستان میں کویڈ کی دوسری لہر کے دوران ایک لاکھ کے قریب لوگ مرے ہیں۔ اگر وہ ٹیکہ برآمد نہیں کئے جاتے تو ان لوگوں کی جان بچائی جاسکتی تھی“۔

انہو ں نے کہاکہ دیگر ممالک بھی انٹرنیشنل ضوابط کی پاسداری کررہے ہیں‘ مگر وہ ٹیکہ کی برآمد نہیں کررہے ہیں اور اپنے لوگوں کو ترجیح د ے رہے ہیں۔ سیسوڈیا نے کہاکہ ”مرکزی حکومت کے بعض لوگ کہہ رہے ہیں کہ وہ انٹرنیشنل معاہدے کے پابند ہیں۔

امریکہ‘ فرانس اور یوروپی ممالک بھی اس معاہدے کے پابند ہیں مگر کوئی بھی دوسرے ممالک کو ترجیح نہیں دے رہے ہیں۔صرف ہم ہی دوسروں کو ٹیکہ فراہم کررہے ہیں جب ہمارے لوگ مررہے ہیں“۔

انہوں نے مزید کہاکہ”کیا یہ(دیگر ممالک کو ٹیکوں کی برآمد) مرکزی حکومت کی شبہہ کو بہتر بنانے اور دیگر ممالک سے پذیرائی حاصل کرنے کے لئے کیاگیاہے؟ میں مرکزی حکومت سے درخواست کرتاہوں کہ ٹیکوں کی برآمد سے قبل ملک کے ہر شخص کو ٹیکہ دیاجائے“۔

قبل ازیں انہوں نے اسی معاملے پر ٹوئٹ کیاتھا اور کہا کہ دہلی حکومت نے ٹیکوں کی خریدی کے لئے 600کروڑ کی اجرائی عمل میں لائی ہے مگر مینوفیکچررس کے پاس ٹیکوں کی قلت ہے۔اسی ضمن میں سیسوڈیا نے سلسلہ وار دو ٹوئٹ بھی کئے تھے۔