سینئر کانگریسی و سابق چیف منسٹر شیلاڈکشٹ کا انتقال

,

   

نئی دہلی۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی سینئر لیڈر شیلا ڈکشٹ کا آج بہ عمر 81 سال یہاں ایک خانگی دواخانہ میں انتقال ہوگیا۔ وہ تین مرتبہ دہلی کی چیف منسٹر رہیں۔ ڈاکٹروں نے کہا کہ شیلا ڈکشٹ نے فورئیس اسکارٹس ہاسپٹل میں سہ پہر 3:55 بجے آخری سانس لی۔ وہ دہلی کانگریس کی صدر بھی تھیں۔ 1998ء تا 2013ء لگاتار 15 سال تک دہلی کی چیف منسٹر رہیں۔ وہ کیرلا کی گورنر بھی رہ چکی تھیں۔ تاہم، وہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں شمال مشرقی دہلی حلقہ سے مقابلہ میں ناکام ہوئی تھیں۔ قبل ازیں دہلی ودھان سبھا میں وہ حلقہ نئی دہلی کی نمائندگی کرتی تھیں۔ شیلا ڈکشٹ اترپردیش کے حلقہ قنوج سے 1984ء میں لوک سبھا کیلئے پہلی مرتبہ منتخب ہوئی تھیں۔ وہ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی قریبی اور بااعتماد رفیق کار تھیں اور ان کی کابینہ میں وزیر بنائی گئی تھیں۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدر وینکیا نائیڈؤ، وزیراعظم نریندر مودی، کانگریس قائدین سونیا گاندھی، راہول گاندھی، چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور دیگر قائدین نے شیلا ڈکشٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ راہول نے کہا: ’’شیلا ڈکشٹ کانگریس کی ہردلعزیز بیٹی تھیں۔ شیلا ڈکشٹ جی کے انتقال کی اطلاع نے مجھے شدید صدمہ سے دہلا دیا ہے‘‘۔