سیکولر برادران وطن کوساتھ لے کر چلنا اورہندو’مسلم اتحاد کو مزید مستحکم کرنا وقت کا تقاضہ

   

جدوجہد آزادی ہند میں مسلمانوں کا رول ناقابل فراموش-جناب محمد محمود علی، پروفیسر ایس اے شکور جناب عارف قریشی اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد 18 اگست (راست) جناب محمد محمود علی سابق ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے کہا کہ جدوجہد آزادی ہند میں مسلمانوں نے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں لیکن افسوس کہ ان قربانیوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ ملک میں فرقہ پرستی کی جڑیں مضبوط ہو رہی ہیں ہمارا ملک سیکولر ہے اور ایک گلدستے کی مانند ہے جسے تباہ کرنے کی کوششوں کو ہندو مسلم اتحاد کے ذریعے سے ہی ناکام کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں کو پاکستان چلے جانے کے نعرہ پر کہا کہ پاکستان ‘ مسلمانوں نے نہیں انگریزوں نے بنایا ۔ ہندوستان کے مسلمانوں نے کبھی پاکستان کی تائید نہیں کی جن کو جانا تھا وہ چلے گئے مولانا محمد علی جوہر ٹیپو سلطان بہادر شاہ ظفر اور ہزاروں نہیں ہزاروں علماء کی شہادتیں کام آگئیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈین کلچرل سوسائٹی جدہ اور بزم عثمانیہ جدہ کے زیر اہتمام جشن ازادی ہند پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدارت جناب عار قریشی بانی صدر کلچرل سوسائٹی جدہ نے صدارت کی ۔ پروفیسر ایس اے شکور سیکرٹری ڈائریکٹر دائرۃ المعارف نے کہا کہ جناب عارف قریشی کو اپنے شہر وہ ملک سے محبت و عقیدت ہے اور وہ جشن آزادی ہند کی تقاریب بڑی پابندی سے مناتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کی تاریخ مسلم قربانیوں سے بھری پڑی ہے اگر کوئی اسے بھولنا یا بھلا دینا چاہتا ہے تو یہ ناممکن ہے ۔ جناب عارف قریشی نے کہا کہ وہ دیگر لوگوں کی طرح اپنے ملک سے بے پناہ محبت و عقیدت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے نئی نسل کو واقف کروائیں ۔ آج مجاہدین آزادی کی خدمت کو اور ان کے ناموں کو نصاب سے نکالا جا رہا ہے جو بدبختی کی بات ہے ۔ جناب ضیاء الدین نیر نے کہا کہ ہندو مسلم اتحاد کو مزید مستحکم کرنا وقت کا تقاضہ ہے انہوں نے شرکائے تقریب کو مشورہ دیا کہ وہ آنے والی نسلوں کو جدوجہد آزادی ہند کی تفصیلات اور مسلمانوں کے رول سے واقف کروائیں ۔ ٹی آر ایس قائد جناب رحیم اللہ خان نیازی نے کہا کہ گاندھی جی کو مہاتما کا لقب مسلمانوں ہی نے دیا ۔جناب منہاج احمد خان چیئرمین این آر ائیز کلب انٹرنیشنل نے جناب عارف قریشی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرکے کہا کہ ملک آزاد ہو کر 80 سال ہو گئے ہیں ہمیں چاہیے کہ آزادی میں حصہ لینے والے شہیدوں کی قربانیوں سے نئی نسل کو واقف کروائیں ۔ کانگریس قائد جناب ایس کے افضل الدین نے کہا کہ آزادی کی تحریک میں مسلمانوں نے جو قربانیاں دی ہیں اسے نظر انداز کر دیا جا رہا ہے لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا تاریخی حقائق اپنی جگہ مسلمہ حیثیت رکھتے ہیں ۔ جناب محمد محمود علی جناب عارف قریشی اور جناب ایس اے شکور نے جشن آزادی ہند کی مسرت میں کیک کاٹا ۔ اراکین بزم عثمانیہ جدہ و انڈین کلچرل سوسائٹی جدہ سعودی عرب کے ذمہ داران جناب عارف صدیقی ‘جناب لئیق صدیقی’ جناب سید رافع ‘جناب محمد عبدالواجد’ جناب جمال الدین’ جناب فہیم احمد خان’ ‘جناب محمد ابراہیم ‘جناب فاروق خان’ جناب رضی صابری کے علاوہ جناب محمد احمد ‘ انجینئر سید عبدالقدیر خالد ‘ ڈاکٹر فاضل حسین پرویز ایڈیٹر گواہ ‘جناب کے این واصف’ جناب میر محسن علی وقار’ جناب محمد مظفر احمد ‘جناب شاہنواز ‘حکیم سلیم فاروقی ‘ڈاکٹر ناظم علی ‘جناب عبدالستار مجاہد’ جناب مقصود احمد شریف ‘جناب انور محی الدین اور دیگر شریک تھے۔