سی بی ڈی ٹی کے صدرنشین کی ملازمت میں9 ماہ کی توسیع

   

نئی دہلی:مرکزی حکومت نے سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز (سی بی ڈی ٹی) کے صدر نشین نتن گپتا کی ملازمت کی مدت میں 9ماہ کی توسیع کردی ہے ۔ ان کی مقررہ سبکدوشی کی تاریخ 30 ستمبر 2023تھی تاہم معاہدے کی بنیاد پر ان کی ملازمت میں نو ماہ کی توسیع دی گئی ہے۔انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ 1986 بیاچ کے انڈین ریونیو سروس (IRS) افسر گپتا (60) کو گزشتہ سال جون میں سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز (CBDT) کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔وہ 30 ستمبر کو ریٹائر ہونے والے تھے۔ حکومت نے اپنے حکم نامہ میں کہا ہے کہ کابینہ کی تقرری کمیٹی (اے سی سی) نے گپتا کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر سی بی ڈی ٹی چیئرمین کے طور پر دوبارہ تقرری کی منظوری دے دی ہے۔

وہ6جون 2024 یا اگلے احکامات تک اس عہدہ پر بر قرار رہیں گے۔ سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز‘ محکمہ انکم ٹیکس کیلئے اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارہ ہے۔ اس کی سربراہی ایک چیئرمین کرتا ہے اور اس میں چھ ارکان ہوسکتے ہیں جو اسپیشل سیکریٹری کے عہدے پر ہوتے ہیں۔