راج بھون میں ٹریننگ اور شعور بیداری ، گورنر جشنو دیو ورما کا خطاب
حیدرآباد ۔27۔ ستمبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے انسانی زندگی بچانے کیلئے سی پی آر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سی پی آر کے بارے میں عوام کو ٹریننگ اور شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ گورنر نے آج راج بھون میں سی پی آر شعور بیداری اور ٹریننگ پروگرام میں شرکت کی جس کا اہتمام کمس ہاسپٹلس نے کیا تھا ۔ گورنر جشنو دیو ورما نے کہا کہ اچانک کسی کی طبیعت بگڑنے اور ہنگامی حالات میں سی پی آر کے ذریعہ جان بچائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی کو سی پی آر کے طریقہ کار سے واقف کرایا جائے اور شعور بیداری کے ذریعہ ہنگامی حالات میں انسانی جان کو بچایا جاسکتا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ ایمرجنسی میں ہر سکنڈ اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور مریض کو فوری طور پر سی پی آر کے ذریعہ قلب پر حملہ کے شکار افراد کی جان بچائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آر کے ذریعہ قلب پر حملہ کی شدت کو نہ صرف کم کیا جاسکتا ہے بلکہ دوبارہ حملہ کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ہر شہری کو CPR ٹریننگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے گورنر نے کہاکہ میڈیکل کمیونٹی کو اس سلسلہ میں اپنی سماجی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے سرگرم ہونا چاہئے ۔ گورنر نے راج بھون میں سی پی آر ٹریننگ کے اہتمام پر کمس ہاسپٹل کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ راج بھون کے اسٹاف اور ان کے خاندانوں کیلئے سی پی آر ٹریننگ اہمیت کے حامل ہے۔ گورنر نے کہا کہ ڈاکٹرس کے لئے دو بنیادی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔ علاج کے ساتھ ساتھ عوام کو فرسٹ ایڈ اور سی پی آر کے بارے میں شعور بیدار کرنا بھی ڈاکٹرس کی ذمہ داری ہے ۔ ڈاکٹرس کی عدم موجودگی میں سی پی آر ٹریننگ یافتہ افراد فوری طور پر فرسٹ ایڈ فراہم کرسکتے ہیں ۔ اس موقع پر گورنر کے پرنسپل سکریٹری بی وینکٹیشم، سینئر کاڈیالوجسٹ ڈاکٹر ہیگریو راؤ ، ڈاکٹر سمپت ساہو میڈیکل ڈائرکٹر کمس ہاسپٹل اور دوسرے موجود تھے۔ 1