شام پر اسرائیلی بمباری ،7غیر ملکی سمیت 10ہلاک

   

دمشق : شام کے صوبے حمص میں لبنانی ملیشیا کے ایک اسلحہ گودام پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں 7 غیر ملکی شامل ہیں۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب حمص کے شہر ضمیر میں شامی ائر ڈیفنس کے علاقے میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جب کہ حما اور لاذقیہ صوبوں میں بھی زوردار دھماکوں کی ا?وازیں سنی گئیں، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اسدی اینٹی ائر کرافٹ توپوں کی جوابی کارروائی تھی، جو حملہ آور اسرائیلی طیاروں کو گرانے کے لیے کی گئی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فضائی حملے سے حمص کے علاقے میں جانی اور مالی نقصان ہوا۔ امدادی کارکنوں اور اداروں کو حملے کے مقام کی سمت جاتے دیکھا گیا ہے۔ ضمیر کے علاقے میں اسدی فوج کے اسلحہ گودام میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ اسد حکومت کے خبر رساں ادارے سانا کے مطابق دمشق پر حملے کو ناکام بنانے کے لیے ائر ڈیفنس سسٹم فوری طور پر حرکت میں آیا۔ شامی مبصر کے مطابق اسرائیلی بمباری کا ہدف شام کے اندر مختلف ٹھکانے تھے۔ اس دوران دمشق ہوائی اڈے کا علاقہ بھی زوردار دھماکوں سے لرز اٹھا۔ دوسری جانب بشار الاسد کی فوج نے شمال مغربی صوبے ادلب میں غیرجنگی علاقے کی حدود پر واقع ایک مہاجر کیمپ پر گولے برسا دیے۔