شاہ رخ خان کی کنگ ابھیشیک کیلئے بھی پسندیدہ فلم

   

ممبئی، 7 اکتوبر(ایجنسیز) شاہ رخ خان کی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’کنگ‘ کے متعلق شائقین میں کافی جوش پایا جاتا ہے۔ فلم میں شاہ رخ خان مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ ابھیشیک بچن ایک خطرناک ویلن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اب ابھیشیک بچن نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے تعلق اور فلم ’کنگ‘ کے حوالے سے کئی اہم باتیں بتائیں ہیں۔ ابھیشیک بچن نے شاہ رخ خان کو اپنے لیے ’’بڑے بھائی‘‘ جیسا قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوپر اسٹار نے کئی مواقع پر ذاتی طور پر ان کے کیریئر میں ان کی رہنمائی اور مدد کی ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ ان کے کیریئر کی ذمہ داری کئی مرتبہ اپنے طور پر محسوس کرتے رہے ہیں اور ’کنگ‘ بھی اسی تعلق کی ایک مثال ہے۔ابھیشیک نے کہا کہ وہ بالی ووڈ میں قدم رکھنے سے بہت پہلے سے شاہ رخ خان کے قریب رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے بچپن کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ ریتک روشن، ادے چوپڑا اور سکندرکھیر کے ساتھ اتوارکے روز کرکٹ کھیلا کرتے تھے تو شاہ رخ خان ان سب کی رہنمائی کیا کرتے تھے۔ابھیشیک نے ’کنگ‘ کو اپنی پسندیدہ فلم قرار دیتے ہوئے ایک پرانی گفتگو بھی یاد کی۔ ان کے مطابق انہوں نے برسوں پہلے شاہ رخ سے پوچھا تھا کہ ان کی اپنی پسندیدہ فلم کون سی ہے۔ اس پر شاہ رخ نے جواب دیا تھا کہ ان کی پسندیدہ فلم ہمیشہ وہی ہوتی ہے جس پر وہ اس وقت کام کر رہے ہوتے ہیں۔ شاہ رخ کی اس بات کو یاد کرتے ہوئے ابھیشیک نے کہا کہ وہ بھی اسی سوچ پر یقین رکھتے ہیں۔ اسی لیے اس وقت ’کنگ‘ ان کی سب سے پسندیدہ فلم ہے۔شاہ رخ خان اور ابھیشیک بچن اس سے قبل بھی ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔ دونوں اداکار کرن جوہر کی فلم ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ اور فرح خان کی کامیاب فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ تاہم ’کنگ‘ میں پہلی بار دونوں اداکار ایک دوسرے کے مدمقابل دکھائی دیںگے۔