شرعی پنچایت نظام آباد کے مصالحتی اجلاس کا انعقاد

   

ایک خاتون کی درخواست پر کارروائی، شوہر اور بیوی میں کامیاب مصالحت

نظام آباد :11؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوم )حافظ مجیب الرحمن منتظم شرعی پنچایت کی اطلاع کے مطابق 10؍جنوری2024 ء؁ بروزچہارشنبہ دفتر جمعیۃ العلماء بودھن روڑ پر شرعی پنچایت نظام آباد کا مصالحتی اجلاس منعقد ہوا ۔مفتی سید عبدالرافع صاحب قاسمی کی تلاوت کلام پاک سے اجلاس کا آغازہوا۔بعد ازاں دو مقدمات پیش ہوئے۔ پہلا مقدمہ جدیدتھا جس میں ایک خاتون نے درخواست داخل کرکے بتایاکہ میری شادی کو دیڑھ سال گذرگیاہے شادی کے بعد چند دن سے ہی بعض معمولی باتوں پر تلخیاں پیدا ہوئی۔ کئی مرتبہ مصالحت بھی کی گئی اسی دوران حمل قرار پایا اور حمل کے ساتویں مہینے میں اپنے میکہ آئی اور ابھی تک میکہ میں مقیم ہوں اس دوران ایک لڑکا بھی ہوا جو اب تقریباً پانچ ماہ کا ہوچکاہے میرے شوہر کسی قسم کی ذمہ داری قبول نہیں کررہے ہیں میری شرعی پنچایت سے درخواست ہے کہ وہ ہمارے معاملے کی یکسوئی کرے۔ شرعی پنچایت نے اس خاتون کی درخواست پر کاروائی کرتے ہوئے فریقین کو طلب کرکے بیانات لئے اور جائزہ لیا تو شکایات معمولی نظر آئیں اور انہیں فہمائش کی گئی تو وہ ایک دوسرے کے حقوق ادا کرتے ہوئے ہنسی خوشی زندگی گذار نے پرآمادہ ہوگئے اور انہیں رخصت کیاگیا۔ دوسرے مقدمے میں اس سے قبل کئی اجلاس میں کاروائی ہوچکی تھی اور ہر مرتبہ فریقین بطور خاص ان کے سرپرستوں کی ہٹ دھرمی انانیت کی وجہ سے صلح کے قریب آکر بھی معاملہ بگڑتا رہا اس اجلاس میں بھی صلح کی تمام باتیں طئے ہوجانے اور شرعی پنچایت کی ہدایات کو تسلیم کرنے کے اعتراف کے باوجود صرف ایک معمولی بات اور ضد پر معاملے کو بگاڑ دیاگیا اور صلح ہوتے ہوتے رہ گئی۔ شرعی پنچایت کے ذمہ داروںنے ان کی اس ہٹ دھرمی پر بڑے افسوس کا افسوس کا اظہار کیاکہ صرف اپنی اناکی تسکین کیلئے زندگیوں سے کھلواڑ کیاجارہاہے اور خود توخود دوسروں کو بھی سکھ چین سے زندگی گذارنے سے روکاجارہاہے۔اللہ تعالیٰ ہی ایسے لوگوں کوہدایت دے اور ضدوہٹ دھرمی سے اجتناب کی توفیق دے۔ اس اجلاس میں مفتی عبد الماجدمصعب قاسمی ،مفتی سید عبدالرفع قاسمی اور جناب محمد قاسم ایڈوکیٹ نے شریک ہو کر مقدمات کی سماعت کی۔مزید تفصیلات کیلئے دفتری اوقات صبح10تا1؍بجے دوپہر اور 2-30 ؍ بجے تا5؍بجے شام تک یا فون نمبر 8919500938-9966093730 پرربط پیدا کریں۔