شریعت محمدی کی حفاظت کیلئے ڈٹ کر مقابلہ کرنا اسوئے حسینی ؓ ہے

   

جامع مسجد پائیگاہ میں ڈاکٹر محمد سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جولائی : ( راست ) : خالق کائنات نے خود شریعت محمدی کی تا قیام قیامت حفاظت کی ذمہ داری لیا ہے ، روز ازل سے باطل طاقتیں اسلامی قانون کی توہین اور بیجا مداخلت کی بیجا کوشش میں لگے رہے اور مسلسل ناکامی اور ذلت و رسوائی سے دوچار ہونا پڑا ، اسی طرح جب امام حسینؓ کے دور میں فسطائی طاقتیں غالب ہورہی تھیں تو شیر خدا کا شیر ان سازشوں کا تنہا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے پر زور مزاحمت کی اور یزیدیت کا دندان شکن جواب دیا ۔ اور اب یہ طاقتیں جن کو ہتھیار اور فوج پر بھروسہ تھا کو شکست فاش ہوئی ، شریعت محمدی اور اسلام کا پرچم آج بھی روز روشن کی طرح مضبوط ہے ، یہی اسوئے حسینیؓ ہے ، اب یہی سازشیں دوبارہ یکساں سیول کوڈ کے بھیس میں پھر سے دین اسلام کے روشن آفتاب کو داغدار بناکر پیش کرنا چاہتی ہے جس کا ایمان کی روشنی والی امت مسلمہ کبھی قبول نہیں کرے گی ، شریعت سے بالاتر کوئی چیز نہیں ہے ، خود ہمارے ملک کا دستور بھی اس کی پوری مذہبی آزادی کی اجازت دیتا ہے ۔ دستور کی حفاظت ، ہماری آئینی ذمہ داری ہے ، یہ موقعتی حربے ہیں جو ہمیں مرعوب کرنا چاہتے ہیں ، ہم اس ملک میں ہماری شناخت کے ساتھ رہیں گے ۔ پرامن زندگی گزارنا ہمارا مقصد ہے ۔ شریعت کی حفاظت کیلئے ہمیں متحدہ جدوجہد کرنا ثمر آور ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد سراج الرحمن فاروقی نے جامع مسجد پائیگاہ بشیر باغ میں قبل جمعہ خطاب میں کیا ۔۔