شمالی کیرولینا میں فائرنگ، 5 افراد ہلاک، نابالغ ملزم گرفتار

   

کیرولینا: امریکہ میں بڑھتے فائرنگ کے واقعات درمیان امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے دارالحکومت رالی میں آف ڈیوٹی پولیس افسر سمیت 5 افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ 5افراد کی ہلاکتوں کے بعد شہر میں کیے گئے بڑے سرچ آپریشن کے نتیجے میں ایک نابالغ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ اس دوران شہر کے علاقوں کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک پولیس افسر کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جب کہ اور ایک شخص تشویشناک حالت میں تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔ ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق سانحے کے فوری بعد متعدد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کو تلاش کرنے کیلئے کیے گئے سرچ آپریشن میں حصہ لیا، اس دوران پورے پورے علاقے کرائم سین کا منظر پیش کرنے لگے جہاں ریسکیو اینڈ ریلیف فراہم کرنے والے کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، جب کہ شہریوں سے کہا گیا کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔فائرنگ شہر سے گزرنے والی نیوس ریور گرین وے پر یا اس کے قریب ہوئی، تقریباً تین گھنٹے بعد پولیس نے بتایا کہ اس نے مشتبہ شخص کو ایک گھر میں گھیرے میں لے لیا ہے۔ بعد ازاں اطلاع دی گئی کہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے ، زیر حراست شخص کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ نابالغ سفید فام لڑکا ہے ۔ میئر میری این بالڈون نے امریکہ میں گن کا استعمال کرتے ہوئے تشدد کے تازہ ترین واقعے کی مذمت کی جبکہ شمالی کیرولینا کے گورنر رائے کوپر نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ہماری دہلیز تک پہنچ گئی۔ گورنر رائے کوپر نے رات گئے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ رالی میں ہونے والا واقعہ ہر کمیونٹی کیلئے ایک ڈراؤنا خواب ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ تشدد کا ناقابل فہم، خوفناک اور اشتعال انگیز عمل ہے جس کا ارتکاب کیا گیا ہے ۔ میڈیا نے رپوٹ کیا کہ حملہ آور نے فائرنگ کیلئے لانگ گن کا استعمال کیا۔پولیس نے اس بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی کہ فائرنگ کا سلسلہ کس طرح اور کیوں شروع ہوا اور نہ ہی یہ بتایا کہ کس طرح سے مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔ صحافیوں کو دی گئی بریفنگ کے دوران دیگر افراد کی طرح میئر میری این بالڈون بھی دکھی، غمزدہ اور خفا نظر آئیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مزید اقدامات کرنے چاہئیں، ہمیں امریکا میں اس بیوقوفانہ تشدد کو روکنا چاہیے ، ہمیں گن کے ذریعہ تشدد کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے ۔