شہری علاقوں کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا جائے

   

چیف منسٹر کی ہدایت ، ضرورت اور فنڈس کے سلسلہ میں خاص توجہ
حیدرآباد ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ضلع میں میونسپالٹیز اور گرام پنچایتوں کی ترقی اور فنڈس کے خرچ کی تفصیلات پر مشتمل ڈسٹرکٹ کارڈس تیار کریں۔ ضلع کلکٹرس اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ سالانہ ترقیاتی منصوبہ تیار کریں۔ ہر شہری مجالس مقامی کی ضرورتوں کے اعتبار سے ترقیاتی منصوبہ تیار کیا جائے ۔ عوامی نمائندوں و عہدیداروں سے بہتر تال میل سے ترقیاتی پروگراموں اور درکار رقم کی رپورٹ تیار کی جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ جلد اضلاع کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے ۔ حکومت نے شہری علاقوں کی ترقی کیلئے جو منصوبہ تیار کیا ہے ، اس پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت ٹاؤنس اور دیہی علاقوں تک بہتر نظم و نسق کو یقینی بنانے کیلئے ضلع کلکٹر کو مستحکم کرنا چاہتی ہے۔ ایڈیشنل کلکٹر کا تقرر کرتے ہوئے انہیں گرام پنچایتوں کی ترقی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ کلکٹرس کو اختیارات دیئے گئے کہ وہ نئے میونسپل اور پنچایت ایکٹ کے تحت منتخب نمائندوں کے خلاف کارروائی کرسکے۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ ترقیاتی کام اور کلین اور گرین کی مہم شہروں اور گاؤں میں انجام دی جائے۔ پٹنا پرگتی اور پلے پرگتی پروگراموں کے تحت اس پر عمل کیا جائے گا ۔ دستیاب وسائل کی بنیاد پر ہر موضع کیلئے ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں سیاسی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔