شہر اور اضلاع میں ہلکی سے اوسط بارش ‘ درجہ حرارت میں کمی

,

   

حیدرآباد۔ ریاست اور شہر میں مطلع ابر آلود ہونے سے درجہ حرارت میں کمی آئی ۔ جمعرات کی رات دیر گئے ہلکی اور تیز بارش کے بعد 3ڈگری تک درجہ حرارت کم ہوگیا اور جمعہ کو صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا ۔ مضافاتی علاقو ںمیں ہلکی بارش و بوندا باندی ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ 20 فروری کو بھی بارش کی پیش قیاسی ہے۔ شہر میں جمعرات کی شب بارش ہوئی اور بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ۔ جمعہ کی سہ پہر سے شہر کے کئی علاقوں میں بارش ہوئی ۔ پرانے شہر کے مختلف علاقوں شاہ علی بنڈہ ‘ فلک نما‘مغلپورہ‘ چندرائن گٹہ کے علاوہ ٹولی چوکی ‘ نامپلی ‘ عابڈس ‘ لکڑی کا پل میں بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ضلع ورنگل میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ نرمل ‘نظام آباد ‘ میدک و دیگر اضلاع میں ہلکی بارش اور درجہ حرارت میں کم ہونے لگا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے۔بشیر باغ ‘ ٹینک بنڈ‘ سوماجی گوڑہ ‘ خیریت آباد اور دیگر علاقوں میں سہ پہر ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی ۔ آئندہ 48 گھنٹوں میں تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش‘ کرناٹک ‘ اوڈیشہ اور چھتیس گڑھ میں بارش کے امکانات ہیں ۔ شہرمیں درجۂ حرارت میں کمی سے موسم سرد ہونے لگا ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے تاکہ منفی اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔