شہر میں اندرون 24 گھنٹے دو بچوں کا اغواء، شہریوں میں خوف کا ماحول

   

سکندرآباد سے مغویہ لڑکا برآمد، فلک نما کا لڑکا تاحال عدم دستیاب، پولیس مافیا کو پکڑنے سرگرم

حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں اندرون 24 گھنٹے دو بچوں کے اغواء کا معاملہ شہریوں میں دہشت کا سبب بن گیا ہے۔ کل سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے ایک کمسن کا اغواء کرلیا گیا۔ یہ واقعہ ابھی تازہ ہی تھا کہ پرانے شہر کے علاقہ فلک نما سے ایک کمسن کا مشتبہ طور پر اغواء کرلیا گیا حالانکہ سکندرآباد اسٹیشن سے مغویہ لڑکے کو برآمد کرلیا گیا ہے۔ تاہم بچہ کے اغواء میں ملوث ٹولی کے انکشافات تشویش کا سبب بن گئے ہیں چونکہ سکندرآباد سے مغویہ لڑکے کو بھیک مانگنے پر مجبور کیا گیا تھا۔ شاید اسی بچہ کو کسی دوسری ریاست منتقل کرنے کا منصوبہ تھا۔ شکایت کے فوری بعد چوکس حیدرآباد سٹی پولیس نے مادھاپور علاقہ سے بچہ کو برآمد کرلیا جہاں ایک برج کے نیچے بچہ کو حالت نیند میں سلا کر بھیک مانگی جارہی تھی۔ بچہ کو اغواء کاروں سے آزاد کروانے کے بعد پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہیکہ سکندرآباد سے مغویہ لڑکا شیواسائی پیدائشی گونگا اور بہرا بتایا گیا ہے۔ اس لڑکے کا اغواء بھیک مانگنے والی مافیا کی کارستانی ہوسکتی ہے اور پولیس اس تعلق سے تحقیقات میں جٹ گئی اور گرفتار افراد کے تعلقات کو ہر زاویہ سے جانچ کررہی ہے۔ تقریباً 6 گھنٹے کے سرچ آپریشن کے بعد بچہ کو برآمد کرلیا گیا جس کے اغواء ہونے کی شکایت جی آر پی سے اس کے والد درگیش کی تھی جس کا تعلق ضلع میدک کے کوڑی پلی سے بتایا گیا ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کی جانچ سے پتہ چلایا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے ایک جوڑے نے بچہ کا اغواء کیا جس کے بعد ان کی تلاش میں پولیس نے کامیابی حاصل کرلی۔ تاہم فلک نما علاقہ سے لاپتہ بچہ کی تلاش جاری ہے۔ مائیلاردیو پلی پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ بچہ کا اغواء نہیں کیا گیا بلکہ بچہ پراصرار طور پر لاپتہ ہوگیا۔ پولیس نے بچہ کی تلاش کیلئے 5 ٹیموں کو تشکیل دیا ہے۔ بچہ کی شناخت 5 سالہ ایان کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ مائیلاردیو پلی پولیس ایان کی تلاش میں جٹ گئی ہے۔ ایک کے بعد ایک بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات سے شہریوں میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ہے۔ پولیس کی چوکسی کے باوجود اپنے بچوں کی حفاظت اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کو اولین اہمیت دی جانی چاہئے اور علاقوں میں اجنبی افراد کی نقل و حرکت پر اس سے بازپرس کرنا اور خاص کر اشیاء کی فروخت کیلئے اور بھیک مانگنے والوں پر خصوصی نظر رکھتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی جانی چاہئے تاکہ بچوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے اور بیگینگ مافیا کو ناکام بنایا جاسکے۔ع