شہر میں ڈینگو کی صورتحال مزید ابتر

   

بعض مریضوں کے دوبارہ متاثر ہونے سے تشویش میں اضافہ
حیدرآباد۔12ستمبر(سیاست نیوز) شہر میں ڈینگو کی صورتحال مزید ابتر ہوتی جار ہی ہے اور اگر کوئی مریض دوبارہ ڈینگو کا شکار ہوتا ہے تو یہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اسی لئے عوام کو احتیاط کرنی چاہئے ۔ نمس ڈاکٹرس کا کہناہے کہ روزانہ نمس سے 10تا12 ڈینگو مریض رجوع ہورہے ہیں اوران کے علاج کی ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے ۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ ڈینگو کے متاثرین کے فوری علاج کو یقینی بنانے ان کے معائنہ کرنے کے علاوہ درکار پلیٹ لیٹس حاصل کئے جار ہے ہیں لیکن پہلی مرتبہ ایسا دیکھا جا رہاہے کہ چند ہفتوں قبل ڈینگو کا علاج کروانے والے مریض دوبارہ ڈینگو کا شکار ہورہے ہیں جو انتہائی مضر ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ڈاکٹرس کی جانب سے ایسے مریضوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران آنے والے بخار و نزلہ کے علاوہ دیگر ناسازی صحت کی تفصیلات حاصل کرکے علاج کو ممکن بنایاجاسکے۔ دونوں شہروں میں گذشتہ دو ماہ میں ڈینگو کے سینکڑوں واقعات منظر عام پر آچکے ہیں اور سرکاری ‘ خانگی اور کارپوریٹ دواخانو ںمیں ان کا علاج کیا جا رہاہے لیکن حکومت اس کو وبائی و موسمی بیماری قرار دے کر نظرانداز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نمس کے ذمہ دارو ںکا کہناہے کہ حکومت کے اقدامات کو کافی تصور نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یومیہ 10-12 مریضوں کا نمس سے رجوع ہونا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔