شہر کے سرکاری دواخانوں میں دوا کی قلت کی شکایت

   

حیدرآباد ۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے سرکاری دواخانوں میں دوا کی قلت دیکھی جارہی ہے جس کی وجہ مریض ڈاکٹر کی تجویز کردہ پوری دوائیں حاصل نہیں کرپارہے ہیں۔ وائرل بخار کے کیسیس میں اضافہ کے باعث سرکاری دواخانوں میں ان اور آوٹ پیشنٹ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ عثمانیہ دواخانہ میں مرد و خواتین مریضوں کی لمبی قطار ہوتی ہے۔ کئی مریضوں نے کہا کہ ڈاکٹر کے تجویز کردہ چار، پانچ ادویات میں دواخانہ کی فارمیسی میں اکثر دو یا تین دوائیں ہی اسٹاک میں ہوتی ہیں۔ نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (نمس) میں بھی اسی طرح کی صورتحال ہے جہاں اکثر اہم دوائیں دستیاب نہیں ہوتی ہیں جس کی وجہ سے ڈاکٹرس کو انہیں باہر سے خریدنے کیلئے کہنا پڑتا ہے۔ ذرائع کے مطابق فی ا لوقت مختلف سرکاری دواخانوں میں 36 قسم کے ایمرجنسی میڈیسنس کا اسٹاک نہیں ہے۔