شیخ نعیم نئے سکریٹری جنرل حزب اللہ

   

تہران: لبنان کی ایرانی حمایت یافتہ عسکری تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے ہاتھوں ایک ماہ میں اپنے 2سرکردہ رہنماؤں کی شہادت کے بعد 60 سالہ شیخ نعیم قاسم کو نیاسربراہ مقرر کردیا۔ حزب اللہ لبنان کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ شیخ نعیم قاسم حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں۔الجزیرہ اور المیادین نے خبر دی ہے کہ حزب اللہ لبنان کے مرکزی کونسل نے شیخ نعیم قاسم کو اس مزاحمتی تنظیم کے سکریٹری جنرل شہید سید حسن نصراللہ کا جانشین منتخب کیا ہے ۔ شیخ نعیم قاسم 1953 میں لبنان کے علاقے کفرفیلہ کے ایک دینی گھرانے میں پیدا ہوئے ، انہوں نے دینی تعلیم استاد آیت اللہ محمد حسین فضل اللہ سے حاصل کی۔
اور لبنان کی یونیورسٹی سے کیمسٹری میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔
وہ مسلم طلبا یونین کے بانیوں میں سے ایک ہیں جو 1970 کی دہائی میں قائم ہوئی تھی، وہ عمل موومنٹ میں اس وقت شامل ہوئے جب اس کے سربراہ امام موسیٰ صدر تھے ۔شیخ نعیم قاسم 1974 سے 1988 تک اسلامی مذہبی تعلیمی انجمن کے سربراہ رہے ۔انہوں نے المصطفیٰ اسکولوں کے مشیرکے طور پر بھی خدمات انجام دیں، بعدازاں شیخ قاسم نعیم نے حزب اللہ کی بنیاد کی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور 1992 میں حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مقرر ہوئے ۔