شیشہ و تیشہ

   

شاداب بے دھڑک مدراسی
ہنسنے کی مشق!
دامانِ غم کو خون سے دھونا پڑا مجھے
اشکوں کے موتیوں کو پرونا پڑا مجھے
میری ہنسی میں سب یونہی شامل نہیں ہوئے
ہنسنے کی مشق کے لئے رونا پڑا مجھے
………………………
شجاع عاطف (آسٹریلیا)
مزاحیہ غزل
(روح ساحرؔ سے معذرت کے ساتھ)
اُن سے جب سے دل لگی ہونے لگی
اپنے دل کی سرجری ہونے لگی
آپ سے کیا دشمنی ہونے لگی
دشمنوں سے دوستی ہونے لگی
پھر حسینوں کی طرف مائل ہے دل
اس لئے پھر شاعری ہونے لگی
سال نو کی دیر تھی آنے میں بس
جنوری سے فروری ہونے لگی
سُن کے عاطفؔ کی غزل مت کہئے گا
شاعری دردِ سری ہونے لگی
………………………
نمک پارے …!
٭ ہندوستانی ATMS اتنے محفوظ ہیں کہ اس میں سے کوئی بھی پیسہ نہیں نکال سکتا۔ کیونکہ یا تو وہ غیرکارکرد رہتے ہیں یا پھر اُس میں پیسہ ہی نہیں ہوتا…!
٭ دنیا کے ہر ملک کا ایک مخصوص ہتھیار تھا جیسے سعودی عرب کی تلوار ، آفریقہ کا تیر، آسٹریلیا کا نیزہ ، امریکہ کا پستول ، پاکستان کا بم اور ہندوستان کا لیڈیز سینڈل…!
٭ ہندوستان وہ واحد ملک ہے جس میں آپ بغیر کوئی کام کرے کے بھی ساری زندگی گذارسکتے ہیں۔
٭ ساری دنیا کی پولیس کو جرم ہونے کے بعد پتہ چلتا ہے لیکن ہندوستانی پولیس کو جُرم ہونے سے پہلے ہی پتہ رہتا ہے !
٭ ساری دنیا کے لوگ نئی نئی ایجادات (چیزیںبنانے)میں ماہر ہیں لیکن ہندوستانی باتیں بنانے میں ماہر ہیں۔
مظہر قادری۔ حیدرآباد
…………………………
فرماںبردار بیوی …!
٭ نئے زمانے کی فرماںبردار بیوی کیسی ہوتی ہے ملاحظہ فرمائیں:
شوہر : آج کھانے میں کیا بناؤ گی؟
بیوی: جو آپ کہیں۔
شوہر : واہ بھئی واہ ایسا کرو دال چاول بنا لو
بیوی: ابھی کل ہی تو کھائے تھے۔
شوہر : تو سبزی روٹی بنالو۔
بیوی: بچے نہیں کھائیں گے۔
شوہر : تو چھولے پوری بنالو چینج ہوجائے گا
بیوی: جی سا متلا جاتا ہے مجھے ہیوی ہیوی لگتا ہے۔
شوہر : یار آلو قیمہ بنالو اچھا سا۔
بیوی: آج منگل ہے گوشت نہیں ملے گا۔
شوہر : پراٹھہ انڈہ۔
بیوی: صبح ناشتے میں روز کون کھاتا ہے۔
شوہر : چل چھوڑ یار ہوٹل سے منگوالیتے ہیں
بیوی: روز روز باہر کا کھانا نقصان دہ ہوتا ہے جانتے ہیں آپ!
شوہر : کڑھی چاول؟
بیوی: دہی کہاں ملے گا اس وقت۔
شوہر : پلاؤ بنالو چکن کا۔
بیوی: اس میں ٹائم لگے گا پہلے بتاتے۔
شوہر : پکوڑے ہی بنالو اسمیں ٹائم نہیں لگے گا
بیوی: وہ کوئی کھانا تھوڑی ہے کھانا بتائیں پراپر…!
شوہر :پھر کیا بناؤ گی
بیوی: جو آپ کہیں سرتاج…!!!
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
کتنے براعظم ہیں؟
ٹیچر : دنیا میں کتنے براعظم ہیں ؟
طلباء : چار
ٹیچر : کون کون سے ؟
طلباء : (1 قائد اعظم ، (2 مغل اعظم ، (3سکندرآعظم اور (4 اکبر اعظم …!!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………
ماں اور بیوی میں فرق …!
٭ ایک مقام پر اس بات پر زوردار بحث ہورہی تھی کہ ماں اور بیوی میں کیا فرق ہے ؟ ایک شخص نے جواب میں خوب تالیاں بجائیں اور بولا ’’ماں بولنا سکھاتی ہے اور بیوی چپ رہنا …!!‘‘
مبشر سید ۔ چنچل گوڑہ
…………………………