شیشہ و تیشہ

   

احمدؔ قاسمی
دیکھ لو …!!
دوڑ پانی میں لگاکر دیکھ لو
ریت پر کشتی چلاکر دیکھ لو
تجربہ بڑھتا ہے احمدؔ قاسمی
ٹھوکریں در در کی کھاکر دیکھ لو
…………………………
انور مسعود
زود اثر …!
سر درد میں گولی یہ بڑی زود اثر ہے
پر تھوڑا سا نقصان بھی ہوسکتا ہے اس سے
ہو سکتی پیدا کوئی تبخیر کی صورت
دل تنگ و پریشان بھی ہوسکتا ہے اس سے
ہوسکتی ہے کچھ ثقل سماعت کی شکایت
بے کار کوئی کان بھی ہوسکتا ہے اس سے
ممکن ہے خرابی کوئی ہوجائے جگر میں
ہاں آپ کو یرقان بھی ہوسکتا ہے اس سے
پڑسکتی ہے کچھ جلد خراشی کی ضرورت
خارش کا کچھ امکان بھی ہوسکتا ہے اس سے
ہوسکتی ہیں یادیں بھی ذرا اس سے متاثر
معمولی سا نسیان بھی ہوسکتا ہے اس سے
بینائی کے حق میں بھی یہ گولی نہیں اچھی
دیدہ کوئی حیران بھی ہوسکتا ہے اس سے
ہوسکتا ہے لاحق کوئی پیچیدہ مرض بھی
گردہ کوئی ویران بھی ہوسکتا ہے اس سے
ممکن ہے کہ ہوجائے نشہ اس سے ذرا سا
پھر آپ کا چالان بھی ہوسکتا ہے اس سے
…………………………
کیا دیکھا …!؟
٭ شوہر (بیوی سے ) جانو ! تم نے کیا دیکھا تھا کہ مجھ سے شادی کے لئے فوراً ہاں کردی تھی ۔
بیوی : ایک بار کچن میں آپ کو برتن دھوتے دیکھا تھا ۔
…………………………
امریکہ …!
٭ ایک شخص نے اپنے بچے کا نام ’’امریکہ ‘‘ رکھ دیا ۔لوگوں نے حیرانی سے اس کی وجہ پوچھی تو بولا : ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ ’’ہم امریکہ کا باپ ہے ‘‘۔
عاطف ، انس ایان ۔سعودی عربیہ
…………………………
احساس …!!
٭ ماں نے غصہ سے بیٹی سے پوچھا : امتحان نزدیک ہے اور تم بالکل سبق یاد نہیں کرتی ہو ۔ لڑکی بولی میں تو رات دو بجے تک پڑھتے ہوئے بیٹھی تھی ۔
ماں نے حیرت سے کہا : ’’رات بھر بجلی نہیں تھی نا …!؟‘‘
لڑکی بولی : مجھے احساس ہی نہیں ہوا ، میں تو پڑھنے میں مصروف تھی ۔
شعیب علی فیصل ۔ محبوب نگر
…………………………
دست بدست…!
٭ ایک شاہی دعوت کے موقع پر بادشاہ نے اپنے وزیروں ، امیروں سے سوال کیا کہ ’’ہرچند کہ ہم نے ٹیکسوں میں اضافہ کردیا ہے مگر اس کے باوجود سرکاری خزانے میں مد کم ہوئی ہے ، اس کا سبب کیا ہے ؟ ‘‘
ایک وزیر نے دست بستہ عرض کیا ’’جہاں پناہ ! جان کی معافی ہو تو عرض کروں‘‘ ۔
فرمایا : معافی ملی …!!‘‘
تب اس نے برف کا ایک بڑا سا ڈلا اُٹھایا اور تجویز پیش کی کہ دعوت میں جتنے لوگ موجود ہیں، ان کے ہاتھ سے گذرتا ہوا برف کا ڈلا بادشاہ تک پہنچے ۔ اس طرح ہاتھوں ہاتھ گذرتا ہوا جب وہ بادشاہ سلامت کی خدمت میں پہنچا تو وہ مٹر کے دانے کے برابر رہ گیا تھا ۔
نظیر سہروردی۔راجیونگر، حیدرآباد
…………………………
اجازت …!!
وکیل : تم چوری کے الزام سے بری کردیئے گئے ہو ۔ موکل : تو پھر اب میں وہ چوری کا سامان بیچ سکتا ہوں ؟
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
’’بالکل ٹھیک کہا…!!‘‘
٭ ایک صاحب سے اُن کے نئے دوست نے پوچھا …’’ابھی ابھی میرے گھنٹی بجانے پر کیا آپ کی بیوی نے دروازہ کھولا تھا …!‘‘۔ اُن صاحب نے جواب دیا : ’’جی ہاں ! آپ کے خیال میں اتنی بدصورت ملازمہ رکھ سکتا ہوں ‘‘
اسریٰ جمیل ۔ ٹولی چوکی
…………………………