شیشہ و تیشہ

   

فرید سحرؔ
چھپانے میں !!
بس ایک گھنٹہ مُجھے لگتا ہے پکانے میں
صبح سے شام اُنہیں ہوتی ہے منانے میں
کبھی جو آنگ پہ آتا ہے اُن کے ائے لوگو
بہت ہی لگتی ہے محنت اُسے بھگانے میں
خُدا کو یاد یہاں اب کوئی کرتا ہی نہیں
ہر ایک شخص ہے مصروف بس کمانے میں
میں بانٹتا ہوں مگر کم کبھی نہیں ہوتے
ہنسی کے پُھول ہیں اتنے مرے خزانے میں
پسند کیوں کیا تُم نے مُجھے بتاؤ ذرا
نظر کیا آگیا مُجھ جیسے اک دیوانے میں
تلاش کرتے ہی رہتے ہو تُم بہانے فقط
ہمیشہ رہتے ہو تُم کیوں میاں زنانے میں
کبھی کے عقد مرا یار اُن سے ہو جاتا
طویل وقت لگا اُن کو پر پٹانے میں
ایمانداری کا ہم کو کوئی صلہ نہ ملا
مشہورجُھوٹ ہی کہہ کے ہوئے زمانے میں
غریب لڑکی سے شادی کرو سُکوں سے رہو
کبھی بھی گُھسنا نہیں تُم بڑے گھرانے میں
بیانوے میں جو رب کا مکاں شہید ہُوا
ابھی بھی غم کو وہ ناکام ہیں بُھلانے میں
پڑے ہیں پیچھے مُسلسل ہمارے اہل وطن
نہ جانے کیا اُنہیں ملتا ہے دل دُکھانے میں
کُچھ اچھے کام اُسے کرنے کی فُرصت ہی نہیں
بزی بہت ہے وہ جنتا کو اب گُھمانے میں
ہمارے گھر میں جو فُوارہ ہے قدیم سحرؔ
ہم اس کو دوستو مصروف ہیں چُھپانے میں
…………………………
قوت برداشت …!!
شوہر ( بیوی سے ) تمہاری قوت برداشت کی داد دینی چاہئے…!
بیوی خوش ہوکر ، آپ کس بات پر ایسا کہہ رہے ہیں …؟
شوہر : تمہاری شوگر کا لیول 365 ہے اور اتنی شوگر رہنے کے باوجود مجال نہیں ہے کہ زبان پر زری بھی مٹھاس آنے دے۔
مظہرقادری۔ حیدرآباد
…………………………
سرورق…!
شوہر (بیوی سے ) مجھے تمہاری ایک فوٹو کی ضرورت ہے ۔
بیوی : وہ کیوں ؟
شوہر : میں ایک کتاب لکھ رہا ہوں اس کے سرورق پر تمہاری فوٹو لگانا ہے ۔
بیوی : ڈارلنگ تم مجھ سے اتنا پیار کرتے ہو…! اچھا اس کتاب کا کیا نام ہے ؟
شوہر : ’’قبر کا عذاب دنیا میں …!!‘‘
شعیب علی فیصل۔ محبوب نگر
…………………………
بالکل ٹھیک …!
٭ ایک بچے نے معصومیت سے سوال کیا۔ ’’سر ! کیا یہ بات درست ہے کہ بچے قوم کا سرمایہ ہیں اور ملک و ملت کا تابناک مستقبل ہیں…! ‘‘۔’’بالکل…!‘‘ سر نے جواب دیا۔ ’’تم نے بالکل ٹھیک سنا ہے ‘‘۔
بچے نے معصومیت سے کہا ’’سر ! مگرحکومت اس سرمائے میں اضافے سے پریشان کیوں ہے …!‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
……………………………
فرق…!!
بیوی …!سنوجی ، Complete اور Finish میں کیا فرق ہے …؟
شوہر : فرق بہت ہی صاف ہے ۔ بیوی شادی کے بعد Completeہوجاتی ہے اور شوہر Finishہوجاتا ہے …!!
مبشرسید۔ چنچلگوڑہ
…………………………
کیا فائدہ !!
٭ ایک ماہر نفسیات : مبارک ہو ، آپ کا علاج مکمل ہوگیا اب آپ بالکل ٹھیک ہیں ۔
دماغی مریض : کیا فائدہ آپ کے علاج سے پہلے میں فرانس کا بادشاہ تھا اب میں ایک عام آدمی بن گیا ہوں !!
محمد الیاس احمد ۔ عثمان باغ
…………………………
اُونہہ ، رہنے دیں …!!
شوہر (بیوی پر غصہ ہوتے ہوئے ) : اُف کتنا بدذائقہ کھانا پکایا ہے ، تمہیں ڈھنگ کا کھانا بنانا کب آئے گا ؟
بیوی : اُونہہ ! رہنے دیں ، ابھی اسی ڈش پر آدھے گھنٹے میں 70 لائیکس اور 40 کمنٹس مل چکے ہیں اور آپ کہہ رہے ہیں کہ صحیح نہیں پکا…!
سید شمس الدین مغربی۔ ریڈہلز
……………………… …