شیشہ و تیشہ

   

نسیم ٹیکمگڑھی
نرس …!
مہینہ بھر جو اُنھیں دیکھا پٹّیاں باندھے
تو پوچھا چوٹ تمہیں اتنا کیوں ستاتی ہے
بڑے میاں نے کہا مسئلہ یہ ہے دل کا
مرے علاج کو اک نرس گھر جو آتی ہے
…………………………
ڈاکٹر خواجہ فریدالدین صادقؔ
چوہا ہے …!!
اچھے اچھوں کو میں نے دیکھا ہے
جو ہے دادا وہ گھر میں چوہا ہے
اپنی بیگم سے وہ تو ڈرتا ہے
مونچھ نیچی وہ کرکے رہتا ہے
دھوکہ دینے میں جو بھی ماہر ہو
چالو بندہ وہ ہی تو ہوتا ہے
گھر جو اُس کو دیکھو آکے تم
پیراں سُسرے کے وہ دباتا ہے
چھپ کے اکثر یہاں پہ جانے کیوں
نخرے سالی کے وہ اُٹھاتا ہے
ہر پڑوسن سے اپنی دیکھو وہ
کچھ بہانوں سے ملتے رہتا ہے
کتنا دل پھینک ہے یہ صادقؔ بھی
ہر حسینہ کو بس میں کرتا ہے
…………………………
آٹھ گُر …!!
٭ بولنے سے پہلے … سُننا سیکھو
٭ لکھنے سے پہلے… سمجھنا سیکھو
٭ خرچ کرنے سے پہلے … کمانا سیکھو
٭ ہار ماننے سے پہلے … پھر سے کوشش کرنا سیکھو
٭ رشتے بنانے سے پہلے … نبھانا سیکھو
٭ مرنے سے پہلے … کُھل کر جینا سیکھو
٭ رونے سے پہلے … کسی کو ہسنانا سیکھو
٭ عبادت کرنا ہو تو … یقین کرنا سیکھو
سید نثار مہدی۔ سلیم نگر
…………………………
کوئی اور کام نہیں …!
٭ ایک ناول نگار الہٰ آباد گئے ۔ وہاں وہ فراق گورکھپوری سے ملے ۔ باتوں کے درمیان انھوں نے فراق صاحب سے پوچھا: ’’آپ نے میرا وہ ناول پڑھا ہے … ‘‘
انھوں نے ایک ناول کا نام لیا ۔
فراق نے کہا : ’’نہیں ‘‘ ۔
ناول نگار نے ایک دوسرے ناول کانام لیااور پوچھا ، کیا آپ نے اسے پڑھا ہے ۔
فراق نے کہا ’’نہیں ‘‘ ۔
ناول نگار نے اپنے ایک اور ناول کا نام لیا اور پوچھا ، کیا آپ نے اسے پڑھا ہے ۔
فراق بے حد تنک مزاج آدمی تھے ۔ اس بار بھڑک گئے اور ترش روئی سے بولے ۔ ’’آپ کمال آدمی ہیں۔ آپ کا کیا خیال ہے ، میرے پاس کوئی اور کام نہیں ، سوائے آپ کے ناول پڑھنے کے ؟ ‘‘ ۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
پھل دھلے ہوئے نہیں
٭ ایک دولت مند خاتون پھلوں کی خریداری میں مصروف تھیں ۔ اس دوران ان کا کتا کچھ پھلوں کو چاٹنے لگا ۔ جب یہ عمل اس نے بار بار کیا تو دکاندار سے رہا نہ گیا اور اس نے نرمی سے عورت کی توجہ کتے کی نازیبا حرکت کی طرف کی ۔
عورت نے فوراً مڑکر کتے سے کہا ’’ موتی ! بند کرو یہ حرکت ، تمہیں اتنا بھی خیال نہیں کہ یہ پھل دھلے ہوئے نہیں ہیں ‘‘ ۔
مبشر سید ۔ چنچل گوڑہ
…………………………
خوبصورت عورت !
٭ ایک صاحب نے طنز کے طورپر ان کی بیوی سے کہا : ’’کان کھول کر سن لو ، خدا نے عورت کو خوبصورت اس لئے بنایا ہے کہ مرد اس سے شادی کرسکے اور بیوقوف اس لئے کہ وہ مرد سے شادی کرسکے !
محمد منیرالدین الیاس ۔ مہدی پٹنم
…………………………
میں خود …!!
٭ ایک صاحب کی نئی نئی شادی ہوئی تھی وہ پہلی بار سسرال گئے ان کی خوب آو بھگت ہوئی دو تین روز تک تین وقت کے کھانے میں پالک کی مختلف چیزیں پکتی رہی ، وہ پالک کھاتے کھاتے بیزار ہوگئے ۔
چوتھے دن اُس کی ساس نے اُس سے پوچھا: ’’بیٹا !بتاؤ آج کیا کھاؤ گے ؟ ‘‘
اُن صاحب نے بڑی ہی عاجزی سے کہا…! ساسو ماں ! آپ کیوں تکلیف کرتی ہیں مجھ کو وہ پالک کا کھیت بتادیجئے میں خود چر کر آجاؤں گا …!!
ارشادالرحمن ۔ کرنول
…………………………