شیشہ و تیشہ

   

افتخار راغبؔ
عقد ثانی
کیا حماقت بیاں کروں راغبؔ
خوش گمانی میں ہاتھ ڈال دیا
عقد ثانی کا تجربہ مت پوچھ
گرم پانی میں ہاتھ ڈال دیا
…………………………
(شاعر نامعلوم ) مرسلہ : منور حسین ہاشمی
نیا بیوپار…!
عزت ، شہرت ، نوکر چاکر بنگلہ موٹر کار
گوری باہیں ، کالی زلفیں چمکیلے رُخسار
چلتے ساغر، ڈھلتے آنچل نوٹوں کا انبار
اس دھندے کے آگے یارو سب دھندہ بیکار
سب سے اچھا سب سے پیارا رشوت کا بیوپار
چھوٹا موٹا افسر ہوں دیکھو میری شان
اوروں کے بنگلے سے بڑا ہے میرے گھر کا لان
سولہ مسالے کا کھاتا ہوں ہرلمحہ ایک پان
رات کو اکثر کوٹھا ، زینہ ، پائل کی جھنکار
سب سے اچھا سب سے پیارا رشوت کا بیوپار
اونچے لوگوں سے مل کر کرلیتا ہوں میں کام
رشوت دینے والے خود آتے ہیںزیردام
آج تو ہے چوبارہ اپنا کل جو ہو انجام
جھوٹ کی ہے یہ ساری دنیا سچ کو ٹھوکر مار
سب سے اچھا سب سے پیارا رشوت کا بیوپار
بن گاڑی کا پیسہ ہے رشوت کی سوغات
کوئی نہیں جھٹلاسکتا یہ سو باتوں کی ایک بات
اس کے دم سے بن جاتی ہے بھور اندھیری رات
جس نے اس کو دل لگایا اس کا بیڑہ پار
سب سے اچھا سب سے پیارا رشوت کا بیوپار
اس کی بدولت خیر سے ہم تو حج بھی کرکے آئے
کسٹم کی آنکھوں سے بچاکر سونا چاندی لائے
ایک کیا جو خرچ کبھی تو اس کے چار بنائے
ظاہر میں بھولے بھالے باطن میں ہوشیار
سب سے اچھا سب سے پیارا رشوت کا بیوپار
…………………………
توقعات …!
٭ 20 سال کی عمر تک جب لڑکیوں کو پیام آیا تو فوری پوچھتے لڑکا کونسے ہیرو کی طرح ہے ۔
٭ 25 سال کی عمر میں کوئی رشتہ آیا تو پوچھتے لڑکا کیا پڑھا ہوا ہے ۔
٭ 30 سال کی عمر میں رشتہ آیا تو لڑکی پوچھتی لڑکے کی تنخواہ کیا ہے ۔
٭ 30 سال کی عمر پار کرلینے کے بعد لڑکی کو اگر کوئی رشتہ آیا تو فوری پوچھتی لڑکا کہاں ہے ؟
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
………………………
کافی دن پہلے …!
٭ ایک عورت نے دیکھا کہ ایک اجنبی عورت نہایت ہی بے باکی اور بے تکلفی کے ساتھ اس کے گھر میں گھس کر اِدھر اُدھر گھوم رہی ہے تو اسے بہت غصہ آیا اور اُس نے اجنبی عورت سے تیکھے لہجے میں کہا آپ تو اس طرح یہاں گُھوم رہی ہیں جیسے اس گھر کی مالک آپ ہی ہوں ؟
اجنبی عورت بولی بلاشبہ میں ہی مالک ہوں ، میرے مرنے سے کافی دن پہلے میرے شوہر نے یہ گھر میرے نام کردیا تھا۔
رشید شوق۔ بانسواڑہ
…………………………
مہنگائی در …!!
٭ معاشیات اتنا بھی مشکل مضمون نہیں ہے اگر صحیح مثالوں سے سمجھایا جائے تو سامنے والے کو آسانی سے سمجھ میں آئے گا ! ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی بیوی نے اس سے دریافت کیا: ’’کیوں جی ، یہ مہنگائی در کیا ہوتی ہے ؟ ‘‘
اس نے جواب دیا ’’دیکھو ، پہلے تمہاری عمر 21 سال تھی ، کمر 28 اور وزن 38 کیلو تھا ۔ اس وقت تمہاری بہت ویلیو تھی ۔ آج تمہاری عمر 45 ، کمر 38 اور وزن 75 کیلو ہے ۔ تمہارے پاس سب کچھ پہلے سے زیادہ ہے مگر آج تمہاری ویلیو کم ہے ۔ یہی ہوتی ہے مہنگائی در …!!
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
نہ پینے کی وجہ…!
٭ تین بلیاں کسی گھر میں گھس گئیں وہاں دودھ رکھا ہوا تھا جس میں بہت زیادہ شکر تھی ، دو بلیاں جلدی سے دودھ پینے لگیں ، تیسری بلی ویسے ہی کھڑی رہی ، بلیوں نے پوچھا ۔ ’’تو دودھ کیوں نہیں پی رہی ؟ ‘‘
بلی نے جواب دیا : ’’مجھے شوگر ہے ‘‘۔
مبشر سید ۔ چنچل گوڑہ
…………………………