شیشہ و تیشہ

   

محمد غوث ؔ
قصہ مختصر …!!
رعب چہرے پر ہو جس کے بات میں جس کی اثر
اس طرح کا آدمی پیدا نہیں ہوتا مگر
اے ریونت ریڈی جی پیدا ہوئے مثلِ گہر
کیجئے تعریف جتنی کم ہے قصہ مختصر
…………………………
نجیب احمد نجیبؔ
دلِ ناداں … !!
پیچھے مرغی کے دوڑتا کیا ہے ؟
بول مرغے تجھے ہوا کیا ہے ؟
مل کے بازار میں وہ کہنے لگیں
دیدے پھوڑونگی گھورتا کیا ہے ؟
اُن کے بچوں کے ہم بنے ماموں
ویسے کہنے کو اب بچا کیا ہے ؟
جوڑا گھوڑا جہیز اور گاڑی
مال سسرال سے لیا کیا ہے ؟
ہر قدم سوئے منزلِ مقصود
پیچھے مڑ مڑ کے دیکھتا کیا ہے ؟
ایک مفلس کو کیا پتہ ہوگا
پاستا کیا ہے ؟ اور پیزا کیا ہے ؟
غور سے دیکھا اور کہنے لگیں
بیچ سر میں یہ گومڑا کیا ہے
…………………………
شوہر سے عورت کی پہچان !
٭ جس عورت کا شوہر زیادہ پیسے کماتا ہو وہ محبت کرنے والی ہوتی ہے ۔
٭ جس عورت کا شوہر نیک ہو وہ غصے والی ہوتی ہے ۔
٭ جس عورت کا شوہر قد کا چھوٹا ہو وہ خوبصورت ہوتی ہے ۔
٭ جس عورت کا شوہر غصے والا ہو وہ سادگی پسند ہوتی ہے ۔
٭ جس عورت کا شوہر گھر سے باہر رہتا ہو وہ دل کی سخت ہوتی ہے ۔
اختر عبدالجلیل نازؔ ۔ محبوب نگر
…………………………
خدا کے لئے …!!
٭ کرائے دار نے مالک مکان سے کہا: ’’خدا کیلئے اس سال تو کھڑکیوں میں پٹ لگوا دیجئے۔ میں کمرے میں بیٹھتا ہوں تو تیز ہوا سے بال بکھر جاتے ہیں‘‘۔
مالک مکان نے کرائے دار کے دیئے کرائے میں سے دس روپے نکال کر اس کے ہاتھ پر رکھتے ہوئے کہا: ’’میرا اتنا خرچہ کرانے سے کیا یہ بہتر نہیں کہ آپ کسی حجام سے اپنے بال کٹوا لیں…!!‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
تین باتیں …!!
٭ عورتیں تین لوگ جو بولے وہ سنتے ہیں ! پہلا: درزی ، دوسرا : بیوٹی پارلر والی اور تیسرا: فوٹوگرافر …!
مرد تین جگہ اپنا سر جھکاکر بیٹھتے ہیں …! پہلا: خدا کے سامنے ، دوسرا : حجام کے سامنے اور تیسرا : بیوی کے سامنے …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
مسلسل تین دن …!!
پولیس ( چور سے ) : تم نے ایک ہی دکان میں سے مسلسل تین دن چوری کیوں کی …؟
چور : میں نے صرف ایک دن اپنی بیوی کے لئے سوٹ چوری کیا تھا ۔ باقی دو دن تو کلر تبدیل کرنے گیا تھا …!!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………
شادی شدہ …!!
آدمی: جناب آپ صرف شادی شدہ افراد کو ہی ملازمت پر کیوں رکھتے ہیں؟
افسر: کیونکہ ان میں بے عزتی برداشت کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے اور اُنھیں گھر جانے کی جلدی بھی نہیں ہوتی۔
محمد امتیاز علی نصرت، پداپلی
…………………………
واپسی کا سبب …!!
٭ ایک دیہاتی پہلی بار حیدرآباد دیکھنے کے لئے آیا اور کچھ ہی دیر میں وہ واپس اپنے گاؤں لوٹ گیا ۔ اُس کا ایک دوست کہنے لگا کہ یار تم حیدرآباد دیکھنے کیلئے گئے تھے اتنی جلدی کیوں آگئے ۔ اور کیا کیا دیکھا …!؟
وہ کہنے لگا کہ یار میں کیا دیکھتا ، حیدرآباد خالی ہورہا ہے کیوں کہ جسے دیکھو وہ گاڑیوں پر بھاگ رہے ہیں ، میں سمجھا کہ حیدرآباد خالی ہورہا ہے اس لئے میں جلدی آگیا …!!
بابو اکیلاؔ ۔ جہانگیر واڑہ ، کوہیر
…………………………