شیشہ و تیشہ

   

مزمل گلریزؔ
آج عید ہے … !!
دوست دشمن کو گلے لگاؤ آج عید ہے
پیو شیر خرما اور پلاؤ آج عید ہے
ذکر و اذکار ، تلاوت قرآن اور روزے
سجدۂ شکر بجا لاؤ آج عید ہے
عیدی خوشی خوشی دو سبھی بچوں کو
اُنھیں بالکل نہ ڈراؤ آج عید ہے
ہلال عید نظر آگیا جو سر شام
پیغام خوشی کا پہنچاؤ آج عید ہے
ماہِ رمضان تو ہے اک تربیتی کورس
بہکاوے میں شیطان کے نہ آؤ آج عید ہے
اچھی نہیں یہ بے رُخی ، یہ دوری
گلے شکوے سب مٹاؤ آج عید ہے
اُن کی دید کو ہی عید کہتے ہیں
تصور میں ہی آجاؤ آج عید ہے
ہندو مسلم سبھی ملے گلے عید کے دن
نغمہ محبت کا سناؤ آج عید ہے
سات سمندر پار ہو تو کیا ہوا
ویڈیو کال ہی لگاؤ آج عید ہے
جو پابندی تھی ماہِ رمضان میں گلریزؔ
وہی جوش اب بھی دکھاؤ آج عید ہے
…………………………
اُردو حسینہ …!!
ایئر ہوسٹس
Air Hostess
ہوائی حسینہ
نرس
Nurse
دوائی حسینہ
لیڈی ٹیچر
Lady Teacher
پڑھائی حسینہ
میڈ
Maid
صفائی حسینہ
وائف
Wife
لڑائی حسینہ
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
صرف زبان …!!
بیوی نے کہا: آخرعورت کیا کیا سنبھالے؟ تم کو سنبھالے؟ بچے سنبھالے؟ تمہارے ماں باپ کو سنبھالے؟ یا تمہارا گھر سنبھالے؟
مرد نے بڑے سکون سے جواب دیا کہ : ’’عورت صرف اپنی زبان سنبھال لے باقی سب اپنے آپ سنبھل جائے گا‘‘۔
محمد امتیاز علی نصرت ۔ پداپلی
…………………………
کونسی پھوپھو…!
٭ (بیوی نے شوہر کو فون کیا …!)
بیوی : کہاں ہو؟ کیا کررہے ہو؟
شوہر : آفس میں ہوں اور بہت مصروف ہوں۔اور تم کیا کررہی ہو؟
بیوی : KFC میں تمہارے پیچھے ’’بچوں‘‘ کے ساتھ بیٹھی ہوں اور بچے پوچھ رہے ہیں کہ پاپا کے ساتھ کونسی ’پھوپھو‘ بیٹھی ہیں…!!
ابن القمرین۔ مکتھل
…………………………
اجازت …!!
٭ ایک لیڈر زور زور سے بھاشن دے رہے تھے ، ہر کام بے باکی اور نڈر ہوکر کرتا ہوں ۔ سچائی کے لئے لڑتا ہوں ، ووٹروں کا خیال رکھتا ہوں ، اپوزیشن سے بھی نہیں ڈرتا ، لفظ ڈر میرے اندر کہیں نہیں ہے ۔ اسٹیج پر اچانک اُن کی بیوی نمودار ہوئی جسے دیکھ کر کہنے لگے ’’اب اجازت چاہتا ہوں …!!‘‘
انشراح بیگ ۔ شکرنگر ، بودھن
…………………………
بیس سال …!!
بیوی : ہماری شادی کو بیس سال ہوگئے اور پتہ بھی نہیں چلا …!!
شوہر : سزا کا احساس صرف قیدی کو ہوتا ہے، جیلر کو نہیں …!!
صنوبر ثریا ۔ جوگی پیٹ
…………………………
کیا ہوتی ہے …!؟
٭ سائنس اور شادی میں کیا فرق ہوتا ہے یہ سمجھنے کیلئے ایک سائنسداں نے شادی کرلی۔ اب اسے سمجھ نہیں آرہا ہے کہ ’’سائنس ‘‘ کیا ہوتی ہے !!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………
پہلے ہی …!!
٭ ایک آدمی بس میں سفر کررہا تھا ، اس سے آگے والی سیٹ پر ایک عورت بار بار اپنے بچے کو کہہ رہی تھی ، یہ حلوہ کھالو نہیں تو پیچھے والے انکل کو دے دوں گی …!
جب اس عورت نے چوتھی مرتبہ اپنے بچے سے یہی کہا تو وہ آدمی بولا: بہن جی ! آپ جلدی سے فیصلہ کرلیں ، آپ کی وجہہ سے میں پہلے ہی چار اسٹاپ آگے آچکا ہوں ۔
اختر عبدالجلیل نازؔ ۔ محبوب نگر
…………………………