صحتیاب افراد کے خون سے کورونا کے علاج کا تجربہ

   

دبئی۔13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دبئی میں محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے خون سے پلازما لے کر دیگر مریضوں کا علاج کریں گے۔محکمہ صحت کے حکام نے یہ اعلان اس وقت کیا جب متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کے شکار افراد کے لیے اس طریقہ علاج کے اختیار کرنے کی منظوری دی۔تفصیلات کے مطابق یہ طریقہ علاج جو کنوالسنٹ پلازما تھراپی کہلاتا ہے، اسی ہفتے کسی بھی وقت شروع کیا جائے گا۔دبئی ہیلتھ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو ا?فیسر ڈاکٹر یونس کاظم نے کہا ہے کہ محکمہ صحت نے دبئی کے دواخانوں میں اس طریقہ علاج کے پروٹوکول متعارف کرا دیے ہیں تاکہ وائرس کی روک تھام کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ دبئی محکمہ صحت کیماہر ڈاکٹروں نے پلازما تھراپی کے لیے عالمی معیار کے مطابق طریقہ کار اختیار کیا ہے۔ڈاکٹر کاظم نے مزید کہا ہے کہ اس حوالے سے بھی قواعد و ضوابط وضع کر لیے گئے ہیں کہ کون پلازما عطیہ کر سکتا ہے اور کس مریض کو اس طریقہ علاج کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ دبئی محکمہ صحت نے یہ اقدام عالمی میڈیکل نتائج کی بنیاد پر اٹھایا جن میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کے خون میں کورونا کے خلاف اینٹی باڈی پیدا ہوتے ہیں جو اس وائرس کو روکتے ہیں۔ڈاکٹروں کا ماننا ہے کہ کورونا سے مکمل صحت یاب ہونے والے مریضوں کے خون وائرس کے خلاف لڑنے والے اینٹی باڈی زیادہ تعداد میں ہوتے ہیں۔ جب وائرس کے شکار مریضوں کے جسم میں یہ پلازما شامل کیا جاتا ہے تو وہ کورونا کے جراثیم کی شناخت کر کے اس پر حملہ کرتا ہے۔ڈاکٹر کاظم کے بموجب امریکی محکمہ خوراک و صحت نے انکشاف کیا ہے کہ پلازما تھراپی کے طریقہ علاج سے یہ بات سائنسی طور پر ثابت ہوئی کہ اس طرح مریضوں کے صحت یاب ہونے کی رفتار میں تیزی آئی اور ان کو دواخانوں میں بہت کم دن رکھنا پڑا۔