صدربرازیل کا دورہ ٔ سعودی عرب، مشترکہ اعلامیہ جاری

   

ریاض: برازیل کے صدر کے دورہ مملکت کے اختتام پر فریقین کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں فلسطین تنازعہ کے مستقل حل اور دونوں ممالک کے مابین رابطہ کونسل کے قیام کا عزم ظاہرکیا۔ سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر برازیل کے صدر دو روزہ دورے پرمملکت پہنچے تھے۔ برازیل کے صدر نے سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ریاض کے قصر یمامہ میں سرکاری مذاکرات کیے۔برازیل کے صدرنے ایکسپو 2030 کی میزبانی ریاض کو ملنے پر شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کی۔ فریقین نے دونوں ملکوں کے پرائیویٹ سیکٹرز کے درمیان رابطے بڑھانے اور تجارت میں تنوع پیدا کرنے کی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا۔فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے پرائیویٹ سیکٹرز کے درمیان شراکت کا دائرہ وسیع اور مستحکم بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ برازیل نے اپنے
یہاں اعلی درجے کے منصوبوں میں سعودی کمپنیوں کو سرمایہ لگانے کی ترغیب دی۔اس حوالے سے سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ذریعے برازیل میں 10 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ فریقین نے دفاع، سائنس، ٹیکنالوجی، تجدد پذیر توانائی، تعلیم، ماحولیات اور خلا جیسے شعبوں میں شراکت مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کا دائرہ وسیع کرنے کی تدابیر کا جائزہ لیا۔