صدر کووند کی آج کانپور آمد،سخت سکیورٹی انتظامات

   

کانپور: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی چہارشنبہ کو اتر پردیش کے کانپور آمد پر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔یہ جانکاری دیتے ہوئے محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری اونیش کمار نے بتایا کہ صدر چہارشنبہ کو شہر آ رہے ہیں۔ دو روزہ شہر میں قیام کے دوران صدر جمہوریہ شہر میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں شرکت کریں گے ۔ صدر جمہوریہ کی سیکورٹی کے لیے پولیس کمشنریٹ نے پورا خاکہ تیار کیا ہے ۔ چکیری ہوائی اڈے سے شہر میں جانے والے مقامات تک ہر قدم پر پولیس تعینات رہے گی۔صدر کے پروگرام کے لیے بنائے گئے آٹھ ہیلی پیڈس پیر کو تجربے میں پاس ہوگئے ہیں۔صدر کی سیکورٹی کے لیے 10 آئی پی ایس، 12 اے ڈی سی پی، 25 ڈی ایس پی، 70 انسپکٹر، 200 ایس آئی، 1200 کانسٹیبل اور 5 کمپنی پی اے سی تعینات رہیں گی۔ اب تک کے مجوزہ پروگرام کے مطابق وہ 24 نومبر کو دہلی سے اپنے خصوصی طیارے سے چکیری ایئرپورٹ پہنچیں گے ۔ یہاں سے وہ شہر میں منعقد ہونے والے پروگراموں میں شرکت کریں گے اور سرکٹ ہاؤس میں رات قیام کریں گے ۔وہ 25 نومبر کو ایچ بی ٹی یو میں منعقدہ صد سالہ پروگرام میں شرکت کریں گے ۔