ضمانت پر رہا یتی نرسنگھانند کی پھر زہر افشانی ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی

   

نئی دہلی: ہریدوار نفرت انگیز تقریر معاملہ میں ضمانت پر رہا ہوئے یتی نرسنگھانند نے ہماچل پردیش کے اونا میں ایک ‘مذہبی’ تقریب کے دوران اپنی ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پھر نفرت انگیز تقریر کی ہے۔ تقریب میں منتظمین نے ہندوؤں کو ہتھیار اٹھانے کی کھلی کال دی اور مقررین نے مسلمانوں کے قتل عام کا بھی اعلان کیا۔ تقریب کے منتظمین میں سے ایک ستیہ دیو سرسوتی نے میڈیاکو بتایا کہ یہ ایک نجی تقریب تھی اور ’یہاں انتظامیہ سے اجازت لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘جنوری میں ہریدوار میں ایک پروگرام کے انعقاد کرنے کے لئے یتی نرسنگھانند کو گرفتار کیا گیا تھا، اس تقریب میں مسلمانوں کے قتل عام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ یتی نرسنگھانند کو 18 فروری کو ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ نرسنگھانند کی ضمانت کی شرائط میں ایک یہ شرط بھی شامل ہے کہ وہ ’اس طرح کی تقریبات میں حصہ نہیں لے سکتا۔‘