طرابلس کے پناہ گزین کیمپ میں دھماکے ۔ 7 افراد ہلاک

,

   

قاہرہ 17 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں پناہ گزینوں کیلئے قائم کردہ ایک کیمپ میں بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجہ میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والا ایک 5 سالہ بچہ بھی شامل ہے ۔ وزارت صحت کے حکام نے یہ اطلاع دی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ دھماکے در اصل شلباری کا نتیجہ تھے ۔ شہر کے فرناج ضلع میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ اس حملہ کے نتیجہ میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں ایک 52 سالہ بنگالی تارک وطن بھی شامل ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اسی زخمی شخص کا پانچ سالہ لڑکا حملہ میں ہلاک ہوگیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ملک کے مشرقی علاقہ سے سرگرم افواج اور فوجی کمانڈر خلیفہ ہفتار کے درمیان طرابلس پر قبضہ کیلئے ہونے والی لڑائی کے دوران عام شہریوں پر یہ تازہ ترین حملہ تھا ۔ کہا گیا ہے کہ پناہ گزینوں کے کیمپ میں یہ شیلس گرنے اور دھماکوں کے بعد آگ بھی لگ گئی تھی ۔ اس کیمپ میں وہ لوگ مقیم تھے جو پہلے اس طرح کے واقعات میں اپنے گھروں سے محروم ہوگئے تھے۔کہا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتوں کے دوران یہاں لڑائی میں شدت پیدا ہوگئی ہے کیونکہ بیرونی حمایت والے فریقین نے اپنے حملوں کی شدت میں اضافہ کردیا ہے ۔خلیفہ ہفتار گذشتہ اپریل ہی سے طرابلس پر قبضہ کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ ہفتار کو فرانس اور روس کے علاوہ مصر کی بھی تائید حاصل ہے ۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور دوسرے عرب ممالک بھی ہفتار کے حامی دکھائی دیتے ہیں۔ طرابلس کے اتحادی ملیشیا کو ترکی کی تائید حاصل ہے جس نے اپنی افواج بھی یہاں متعین کردی ہیں۔ اسی طرح انہیں قطر اور اٹلی کی تائید بھی حاصل ہے ۔