طلاق شدہ بیوی کو قتل کرنے کی سازش ، سابقہ شوہر گرفتار

   

حیدرآباد۔/14جولائی، ( سیاست نیوز) طلاق شدہ بیوی کا قتل کرنے کی سازش راجندر نگر علاقہ میں سنسنی کا سبب بن گئی۔ قانون کی چوکسی اور پولیس کی بروقت کارروائی نے سابقہ شوہر کو گرفتار کرلیا۔ سائی کرن نامی شخص نے آج ایک تیز ہتھیار ہتھیارکے ساتھ سابق بیوی کے مکان کے قریب گھوم رہا تھا۔ اس نے طلاق شدہ بیوی کو جان سے ماردینے کی دھمکی دی تھی اور آج منصوبہ بند طریقہ سے اس خاتون کو ہلاک کرنے پہنچ گیا۔تاہم لاوانیا نامی اس خاتون کی بروقت چوکسی اس کی حفاظت خود اختیاری کا سبب بن گئی۔ خاتون نے سابقہ شوہر کو محلہ میں مشتبہ طور پر گھومتا ہوا دیکھ کر پولیس کے ڈائیل 100 پر شکایت کردی۔ پولیس نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے مقام پر پہنچ گئی اور اس شخص سائی کرن کو حراست میں لے لیا ۔ پولیس نے اس شخص کے قبضہ سے تیز دھاری ہتھیار کو ضبط کرلیا۔ پولیس جب مقام پر پہنچی تو سائی کرن کے تیور دیکھ کر خود حیران رہ گئی، سائی کرن جو بظاہر نشہ کی حالت میں تھا پولیس سے اُلجھ پڑا اور پولیس کے رویہ اور سابقہ بیوی کو جان سے مارنے کی دھکمیاں دینے لگا۔ اور اس خاتون کے ساتھ پولیس کی موجودگی میں گالی گلوج کرنے لگا۔ پولیس نے ہتھیار کو ضبط کرتے ہوئے سائی کرن کو راجندر نگر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ لاوانیا اور سائی کرن کے درمیان آپسی تنازعات کے سبب دونوں نے علحدگی اختیار کرلی تھی اور خاتون نے شوہر سے طلاق لے لیا تھا ۔ ان کے دو بچے ہیں ۔ طلاق کے بعد یہ خاتون لاوانیا اپنے دو بچوں کے ہمراہ بنڈلہ گوڑہ میں رہنے لگی اور بچوں کی پرورش کیلئے ملازمت کرتی ہے۔ گزشتہ چند روز سے اس کے سابقہ شوہر اس کو جان سے مارنے کی کوشش کررہا تھا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔