طویل القامت روبوٹ بحرین کے سلطان کا باڈی گارڈ، وائرل ویڈیو میں کتنی صداقت؟

   

مناما۔ ایک ویڈیو جو آج کل سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں بحرین کے سلطان اپنے روبوٹ محافظ کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص روایتی عرب لباس میں ملبوس آگے آگے چل رہا ہے جبکہ اس کے پیچھے ایک قوی الجثہ روبوٹ نہایت مودبانہ انداز میں چل رہا ہے۔ فلموں میں دکھائے جانے والے کسی سپر پاور جیسے روبوٹ کے قدموں کی دھمک لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیے ہوئے ہے اور وہ انگشت بدانداں ہو کر اس طویل القامت روبوٹ کو دیکھ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ عربی لباس میں ملبوس شخص بحرین کے سلطان حماد بن عیسیٰ الخلیفہ ہیں اور روبوٹ ان کا ذاتی محافظ ہے جو 360 کیمروں اور بے شمار پستولوں سے لیس ہے۔ ایک ویریفائیڈ ٹویٹر اکاؤنٹ سے اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن دیا گیا کہ ٹیکنالوجی بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، بہت جلد سیاستدان بھی ایسے محافظ رکھنا شروع کردیں گے۔ ویڈیو پر لوگوں نے حیرت اور خوف کے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا۔ تاہم جلد ہی اس ویڈیو کی حقیقت پتہ چل گئی، مختلف ریورس سرچ کے ذریعے علم ہوا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا شخص نہ تو بحرین کے سلطان ہیں نہ ہی یہ روبوٹ ان کا باڈی گارڈ ہے۔