میکسیکو سٹی 10جون (یواین آئی ) دنیا کا سب سے بڑا فٹبال میلہ، فیفا ورلڈکپ 2026، جمعرات کو میکسیکو، امریکہ اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہو رہا ہے ۔ تاہم، ٹورنمنٹ کے آغاز سے ٹھیک پہلے گرما گرم سیاسی ماحول، ٹکٹوں کی آسمان چھوتی قیمتوں اور مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات نے اس میگا ایونٹ کو تنازعات کی زد میں لا کھڑا کیا ہے ۔ فٹبال تاریخ کا یہ سب سے بڑا اور پیچیدہ ترین ٹورنمنٹ ہے جس میں ریکارڈ 48 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ افتتاح میکسیکو سٹی کے تاریخی ایسٹادیو ازٹیکا اسٹیڈیم میں میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ فائنل19 جولائی کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا اور اس کے صدر جانی انفینٹینوکو ٹکٹوں کی ناقابلِ یقین حد تک زیادہ قیمتوں پر شدید تنقید کا سامنا ہے ۔جہاں2022 کے ورلڈکپ فائنل کے سب سے مہنگے ٹکٹ کی قیمت 1,600 ڈالر تھی، وہیں اس بار فائنل کے وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 32,970 ڈالر تک پہنچ چکی ہے ۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی ان قیمتوں پر حیرت کا اظہارکیا ہے ۔ لاس اینجلس میں امریکہ اور پیراگوئے کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ کے 1,000 ڈالرکے ٹکٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا سچ بتاؤں تو اتنی خطیر رقم میں بھی ادا نہ کرتا۔انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ امریکہ کی سخت امیگریشن پالیسیاں ورلڈکپ کے ماحول کو متاثرکر سکتی ہیں۔ صومالیہ کی تاریخ کے پہلے ورلڈکپ ریفری، عمر آرتان کو میامی ایرپورٹ پر امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے بعد فیفا نے مجبوری میں انہیں اپنے عہدیداروںکی فہرست سے نکال دیا۔ فروری میں ایران پر ہوئے امریکہ۔ اسرائیل فضائی حملوں کے بعد سیاسی تناؤ عروج پر ہے ۔ ایرانی ٹیم نے اپنا بیس کیمپ امریکہ (ایریزونا) سے میکسیکوکے شہر تیہوانا منتقل کرلیا ہے ۔ امریکہ نے ایرانی ٹیم کے 15 انتظامی اراکین کو ویزا دینے سے انکارکردیا ہے ، جسے ایران نے متعصبانہ رویہ قرار دیا ہے ۔ عالمی سطح پر مداحوں کی نظریں تین بڑے سوالات پر ہیں۔کیا38 سالہ لیونل میسی ارجنٹینا کو لگاتاردوسرا خطاب جتواکر خودکو تاریخ کا عظیم ترین کھلاڑی ثابت کر پائیں گے ؟کیا ان کے حریف41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو بڑھتی عمرکو شکست دے کر پرتگال کو پہلا ورلڈکپ جتوا سکیں گے ؟کیا ہیری کین کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم اپنا60 سالہ انتظار ختم کرکے دوسری بار ٹرافی اٹھا پائے گی؟ 32 کے بجائے48 ٹیمیں ہونے کی وجہ سے پہلے راؤنڈ میں 72 میچزکھیلے جائیں گے ، جس میں سے صرف 12ٹیمیں باہر ہوں گی اور32 ٹیمیں اگلے راؤنڈ (ناٹ آؤٹ) میں پہنچیں گی۔ شدید گرمی اور حبس کے اثرات سے کھلاڑیوں کو بچانے کے لیے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ہر میچ کے دونوں ہاف کے درمیان ‘کولنگ بریک’ دی جائے گی۔