عدالتی ریکارڈ روم کی مناسب دیکھ بھال ضروری

   

پولیس عملہ کو بہتر ماحول فراہم کرنے کی ہدایت : ضلع ایس پی نلگنڈہ

نلگنڈہ۔27/ مئی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شرت چندر پوار نے آج نلگنڈہ ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے اسٹیشن کے انتظامی امور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال جرائم پر قابو پانے کے اقدامات ریکارڈ مینجمنٹ اور عملہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ایس پی نے مختلف مقدمات سے متعلق ایف آئی آر رجسٹر کیس ڈائریاں زیر التوا مقدمات کی تفصیلات عدالتی تصفیہ کے ریکارڈ اور وارنٹس پر عمل درآمد کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کیس سے متعلق ضبط شدہ سامان کرائم پراپرٹی روم میں محفوظ گاڑیوں اور دیگر اشیاء کو سائنسی انداز میں محفوظ رکھنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی عدالتی ریکارڈ روم کے نظم و نسق اور دستاویزات کی مناسب دیکھ بھال پر بھی زور دیا۔ایس پی نے پولیس اسٹیشن کے اطراف صفائی ستھرائی واش رومز بیرکس اسٹاف ریسٹ رومز اور پینے کے پانی کی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے عملے کو بہتر ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی وردی ہتھیاروں کے انتظام ڈیوٹی مینجمنٹ اور حاضری رجسٹروں کا بھی معائنہ کیا۔شہر میں امن و امان کی صورتحال پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے شرت چندر پوار نے ہدایت دی کہ بلیو کولٹس اور گشتی ٹیمیں رات کے اوقات میں مسلسل چوکس رہیں۔ انہوں نے شہر کے مصروف علاقوں تعلیمی اداروں بس اسٹینڈ بازاروں اور بینکوں کے اطراف سخت حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی باقاعدہ چیکنگ جاری رکھنے کے احکامات بھی دیے گئے۔ایس پی نے بدمعاش عناصر ہسٹری شیٹروں اور عادی مجرموں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے گانجہ منشیات جوا غیر قانونی شراب خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور لاپرواہ ڈرائیونگ جیسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف خصوصی مہم چلانے پر زور دیا۔انہوں نے خواتین بزرگ شہریوں اور طلبہ کی حفاظت کو ترجیح دینے خواتین سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کرنے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے استعمال کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دی تاکہ ٹیکنالو جی کی مدد سے جرائم پر قابو پایا جا سکے۔ اس معائنہ کے دوران ڈی ایس پی شیورام ریڈی 2 ٹاؤن انسپکٹر راگھواراؤ ایس بی سی آئی آدی ریڈی ڈی سی آر بی سی آئی سرینو نائک 2 ٹاؤن ایس آئی سیدولو سمیت دیگر پولیس افسران موجود تھے۔