عراق میں نوجوان کی شادی کیلئے پولیس بنی باراتی

   

بغداد۔16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہلک وائرس کورونا نے جہاں دنیا بھر میں موت اور لاک ڈاؤن سے لوگوں کو خوفزدہ کیا ہے وہیں دلچسپ واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں۔عراق میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔اسی کے ساتھ حفاظتی اقدامات پرعمل درآمد کرانے والے ادارے انسانی بنیادوں پرشہریوں کے خواب بھی شرمندہ تعبیر کرا رہے ہی۔تفصیلات کے مطابق 23 سالہ عراقی نوجوان احمد خالد الکعبی کی شادی کی تاریخ مقررتھی اور کورونا وائرس کا پھیلاؤ بھی اس کے خواب کو شرمندہ تعبیر ہونے سے نہ روک سکا۔الکعبی نے النجف شہر کے سیکیورٹی اہلکاروں کے سامنے اپنا مسئلہ رکھا جنہوں نے اس سے مدد کا وعدہ کر لیا۔النجف پولیس باراتی بن گئے۔دولہا کی گاڑی کو اپنے حصار میں لیااور دلہن کے گھر تک بارات پولیس بینڈ کے ساتھ پہنچی۔ تقریب میں صرف 6 افراد کو شریک کیا گیا۔الکعبی کا خواب تھا کہ اس کی شادی دھوم دھام سے ہو۔ تقریب میں تمام رشتہ دار اور دوست احباب شریک ہوں لیکن کورونا کے پھیلاؤ نے اس کے خواب کے دائرے کو محدود کر دیا۔