عصری کمانڈ کنٹرول سنٹر کی تعمیرات آخری مراحل میں: کے ٹی آر

,

   

۔600 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر ہونے والا آئی کانک ٹاور آئندہ تین ماہ میں کارکرد

حیدرآباد : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ شہر حیدرآباد کو پرامن اور محفوظ بنانے میں کمانڈ کنٹرول سنٹر معاون و مددگار ثابت ہوگا جس کی تعمیرات آئندہ دو تا تین ماہ میںمکمل ہوجائے گی۔ کے ٹی آر نے آج وزیرداخلہ محمد محمود علی، وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار، میئر حیدرآباد بی رام موہن، ڈی جی پی مہندرا ریڈی، لاء اینڈ آرڈر کے اے ڈی جی پی کے علاوہ شہر حیدرآباد کے تین کمشنریٹس کے پولیس کمشنرس کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ کمانڈ کنٹرول سنٹر کی تعمیرات کا جائزہ لیا اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گریٹر حیدرآباد کو ریاست کے محفوظ اور پرامن شہر میں تبدیل کرنے کے لئے ایک ویژن کے ساتھ اقدامات کی مثال سارے ملک میں کہیں نہیں ملتی۔ عالمی سطح پر صرف اُنگلیوں پر گنے جانے والے اس طرح کے شہر ہوں گے۔ اس کمانڈ کنٹرول سنٹر کے 90 فیصد کام مکمل ہو چکے ہیں۔ مزید دو یا تین ماہ میں تعمیرات مکمل ہوجائیں گی۔ عصری ٹیکنالوجی سے لیس 19 منزلہ منفرد آئی کانک ٹاور دستیاب ہوجائے گا۔ کے ٹی آر نے کہاکہ علیحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد سیاسی استحکام کے ساتھ لاء اینڈ آرڈر کی برقراری بھی اتنی ہی اہمیت کی حامل تھی۔ چیف منسٹر نے اپنی بصیرت کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اس کمانڈ کنٹرول سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلہ میں پہلے مرحلہ میں 800 کروڑ روپئے کے مصارف سے ریاست بھر کے تمام پولیس یونٹس کو عصری سہولتیں مہیا کی گئیں۔ بعدازاں 600 کروڑ روپئے کے مصارف سے آئی کانک کمانڈ کنٹرول سنٹر کی تعمیر کی جارہی ہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست سے متعلق لاء اینڈ آرڈر کے مسئلہ پر انٹگریٹیڈ آپریشن اور تمام ڈپارٹمنٹل سرگرمیوں کی یہیں سے نگرانی کرنے کے لئے سنٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ ریاست میں کہیں بھی مسائل پیش آئیں مثلاً سیلاب آئے یا دوسرے قدرتی آفات سماوی یہیں بیٹھ کر چیف منسٹر کو تال میل پیدا کرنے کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ عصری ڈاٹا سنٹر، انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر اور اعلیٰ سطحی آپریشنس کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ 14 ویں منزل تک وزیٹرس کو پہونچنے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے 360 ڈگری کی اساس پر شہر کا نظارہ کرنے کے بھی انتظامات کئے جارہے ہیں۔