حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد اور سکندرآباد میں 85 سال سے زائد عمر کے رائے دہندوں اور معذور اشخاص نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں گھر سے ووٹ کا استعمال کرنے کی سہولت سے استفادہ کرنے کے لیے درخواست دینے میں دلچسپی نہیں دکھائی ہے ۔ حیدرآباد اور سکندرِآباد میں صرف 571 رائے دہندے ہی ان کے گھروں سے ووٹ دیں گے ۔ 85 سال سے زائد عمر کے لوگوں اور معذور اشخاص کو گھر سے ووٹ دینے کے لیے 22 اپریل تک درخواست دینے کی اجازت تھی ۔ اس الیکشن میں سکندرآباد سے 385 اور حیدرآباد سے 129 ووٹرس گھر سے ووٹ دینے کی سہولت سے استفادہ کریں گے ۔ 25 اپریل کو فہرست رائے دہندگان میں 80 سال سے زائد عمر کے حیدرآباد میں 33,641 اور سکندرآباد میں 39,330 رائے دہندگان ہیں ۔ سکندرآباد میں 90 اور 99 سال کے درمیان عمر کے 6363 ووٹرس ہیں ۔ 100 تا 109 سال عمر کے 431 اور 110 اور 119 سال کے درمیان کی عمر کے چار رائے دہندے ہیں ۔ 120 سال سے زائد عمر کی ایک خاتون ہے جو 13 مئی کو ووٹ ڈالیں گی ۔ حیدرآباد میں 80 اور 89 سال کے درمیان کی عمر کے 27,586 ووٹرس ہیں ۔ 90 اور 99 سال کے درمیان عمر کے 5,564 ، 100 اور 109 سال کے درمیان عمر کے 482 رائے دہندے ، 110 اور 119 سال کے درمیان کی عمر کے 6 اور 120 سال سے زیادہ عمر کے تین رائے دہندے ہیں ۔ 2023 کے اسمبلی انتخابات میں 838 رائے دہندوں نے گھر سے ووٹ دینے کے لیے درخواست دی تھی لیکن صرف 733 ہی نے ووٹ دیا تھا ۔ ان میں 653 ووٹرس 80 سال سے زائد عمر کے تھے اور 80 ووٹرس معذور تھے ۔۔