عوام کو شفاف اور بروقت خدمات فراہم کریں

   

پولیس عہدیداروں کو ڈی آئی جی کی ہدایت ، سنگاریڈی کا دورہ ، لائبریری کا افتتاح
سنگاریڈی ۔23 جون ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ملٹی زون۔ VII، جوگولامبا کے ڈی آئی جی اور زون۔ VI، چارمینار کے انچارج ایل ایس چوہان، آئی پی ایس نے آج سنگاریڈی ضلع پولیس دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے گارڈ آف آنر کو قبول کیا اور دفتر کے احاطے میں پودوں کی شجرکاری کی بعد ازاں ڈی آئی جی نے ضلعی پولیس عہدے دار اور ان کے بچوں کے لیے قائم کی گئی لائبریری کا افتتاح کیا خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ضلع ایس پی پریتوش پنکج، آئی پی ایس کی قیادت (اسپارک سپورٹنگ Kids & Personnel Khaki for Rise Academic and Potential پروگرام کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پولیس عہدیداروں اور ان کے بچوں کو مسابقتی امتحانات کی تیاری اور مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے یہ پروگرام ایک قابلِ ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے لائبریری کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے بعد ڈی آئی جی ایل ایس چوہان نے ضلعی پولیس دفتر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ریکارڈ کی دیکھ بھال، عوامی خدمات اور مختلف سیکشنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی نے خاص طور پر CCTNS کے مؤثر استعمال، ڈیٹا اندراج، مقدمات کی اپ ڈیٹ، مجرموں کی معلومات کے اندراج اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام مقدمات کی تفصیلات بروقت CCTNS میں درج کی جائیں اور ڈیٹا کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے تفتیشی عمل میں تیزی آئے گی اور جرائم پر قابو پانے میں بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔ ساتھ ہی عوام کو شفاف اور فوری خدمات فراہم کرنے کے لیے تمام افسران اور ملازمین کو باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے زیر التوا مقدمات کی جلد یکسوئی پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔اس پروگرام میں ایڈیشنل ایس پی چیتنیا ریڈی، ایڈمنسٹریشن آفیسر پدماوتی، ڈی ایس پی ستیہ گوڑ، اے آر ڈی ایس پی نریندر، دفتر کے انسپکٹرس، آر آئیز اور دیگر پولیس عہدیدار شریک تھے۔